عمران سے ملاقات کیلئے بہنوں کا پھر دھرنا ، پولیس نے ختم کرادیا

عمران سے ملاقات کیلئے بہنوں کا پھر دھرنا ، پولیس نے ختم کرادیا

دھرنا میں تمام ورکرز کی رہائی کیلئے دعا ، عمارتوں پر آیات والے بینرز آویزاں سہیل نے کراچی میں خوف کا بت توڑا، 8فروری کو ڈی چوک نہیں جارہے :علیمہ

 راولپنڈی (خبر نگار )بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری ٰ بی بی سے منگل کو کسی کی بھی ملاقات نہ ہو سکی ۔ پارٹی رہنمائوں اور فیملی ممبران میں سے کسی کو ملاقات کی اجازت نہیں ملی۔ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں نے اڈیالہ روڈ فیکٹری ناکے پر دھرنا دے دیا۔کارکنوں کی بڑی  تعداد دھرنے میں شریک رہی۔ فیکٹری ناکے پر ظہر کے بعد قرآن خوانی اور تمام گرفتار ورکرز کی رہائی کیلئے دعا کی گئی ۔پہلی مرتبہ فیکٹری ناکے کے اطراف کی عمارتوں پر بینرز آویزاں کئے گئے جن پر قرآنی آیات تحریر تھیں ۔ جبکہ ورکرز ایکشن کمیٹی کی جانب سے بھی پلے کارڈز دیوار پر چسپاں کئے گئے ۔ کارکنوں کی جانب سے نعرے بازی کا سلسلہ بھی جاری رہا ۔پولیس نے آپریشن کرتے ہوئے دھرنا ختم کرا دیا۔

اکثر کارکن و رہنما بھاگ گئے ،پولیس نے گورکھ پور تک تعاقب جاری رکھا۔قبل ازیں علیمہ خان نے کہا ہے کہ 8 فروری کا کیا لائحہ عمل ہے یہ ہم ابھی نہیں بتا رہے ، تاہم ڈی چوک کوئی نہیں جا رہا، پتا نہیں جھوٹے کیسز پر کیوں وقت ضائع کیا جارہا ہے ، یہ واضح ہے کہ بندوق سے اس ملک میں سب کچھ نہیں چلایا جا سکتا، ان کو جلدی ہے علیمہ خان کو 8 فروری سے قبل جیل بھیج دو ۔ فیکٹری ناکہ پر گفتگو کرتے ہوئے علیمہ نے مزید کہا کراچی کے لوگ پرامن ہیں، سہیل آفریدی کراچی کے خوف کے بت توڑ کر آئے ہیں ۔چیئر مین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ عدالتوں کے احکامات پرعملدرآمد ہوناچاہئے ، سسٹم ساکت نہیں ہونا چاہئے ، ملاقاتیں ہوں گی تو حالات میں بہتری پیدا ہوگی۔ بیرسٹر گوہر کا کہنا تھابہت افسوس کی بات ہے کہ ملا قاتیں نہیں ہورہیں، ہر ہفتے ہم آتے ہیں انتظار کرکے واپس چلے جاتے ہیں، پتا نہیں ان کو کس نے پٹی پڑھائی ہے ملاقات نہ کرانا اچھا عمل ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں