200 وفاقی افسروں کی گریڈ 18میں ترقی، 200کے قریب اسامیاں خالی رہ گئیں
اسلام آباد (نیوز رپورٹر )اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ماتحت تین سروس کیڈر کے افسران کی گریڈ 18 میں ترقی کے لیے ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی (ڈی پی سی) کا اجلاس گزشتہ روز ہوا۔
ڈی پی سی اجلاس میں تینوں سروس کیڈر کے 200 کے قریب افسران کو گریڈ 18 میں ترقی دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ترقی کی شرائط پوری نہ ہونے کے باعث تینوں کیڈر کی 200 کے قریب اسامیاں خالی رہ گئیں۔ پاکستان پولیس سروس گروپ کی گریڈ 18 کی 60، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گروپ کی 50 جبکہ آفس مینجمنٹ گروپ کی 70 اسامیوں پر افسران کی ترقی نہیں ہو سکی۔ڈی پی سی اجلاس میں پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے 80، پاکستان پولیس سروس کے 30 اور آفس مینجمنٹ سروس گروپ کے 80 گریڈ 17 افسران کی گریڈ 18 میں ترقی کی سفارشات منظور کی گئیں۔گریڈ 17 افسران کی ترقی کے لیے ہونے والے ڈی پی سی اجلاس میں صوبائی چیف سیکرٹریز، آئی جیز، متعلقہ وفاقی سیکرٹریز، نامزد افسران، صوبوں میں تعینات پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس اور پولیس سروس کے افسران جبکہ وفاقی وزارتوں میں تعینات آفس مینجمنٹ سروس کے افسران نے شرکت کی۔ڈی پی سی اجلاس کے نتیجے میں پاکستان پولیس سروس، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس اور آفس مینجمنٹ سروس کی مجموعی طور پر 200 کے قریب اسامیاں خالی رہ گئیں۔