پنجاب حکومت کی فلم سٹی اتھارٹی قائم کرنے کی تیاری مکمل
نواز شریف آئی ٹی سٹی میں پہلا فلم سٹی تعمیر کرنے کیلئے 50 ایکڑ اراضی مختص فلم سٹی کیلئے عالمی فلم فورمز اور اداروں سے اشتراک کیلئے رابطے بھی شروع
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )پنجاب حکومت نے فلم انڈسٹری کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے ایک اور بڑا ادارہ جاتی فیصلہ کر لیا ہے ۔فلم سٹی آرڈیننس پیش کرنے اور اس کے تحت فلم سٹی اتھارٹی قائم کرنے کی تیاری مکمل کر لی گئی ۔ منصوبے کے تحت پنجاب کا پہلا فلم سٹی نواز شریف آئی ٹی سٹی میں تعمیر کیا جائے گا جس کے لئے 50 ایکڑ اراضی مختص کر دی گئی ہے ۔فلم سٹی کی تعمیر اور ڈیزائن کی ذمہ داری آئی ڈیپ کو سونپ دی گئی جبکہ فلم سٹی میں موجود پلاٹس کی فروخت کا عمل سی بی ڈی کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔فلم سٹی میں فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف مستقل اور جدید سیٹس تیار کیے جائیں گے جن میں آرٹیفیشل لیک،میواکی فاریسٹ،سکول،ہسپتال اور ایئرپورٹ کے مکمل سیٹس شامل ہوں گے ۔ذرائع کے مطابق فلم سٹی میں فلم ٹریننگ یونیورسٹی قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جہاں اداکاری، ہدایت کاری، سکرپٹ رائٹنگ اور تکنیکی شعبوں میں پیشہ وارانہ تربیت دی جائے گی۔ ورچوئل سٹوڈیوز بھی بنائے جائیں گے ۔پنجاب حکومت نے فلم سٹی کو بین الاقوامی معیار کا بنانے کے لئے عالمی فلم فورمز اور اداروں سے اشتراک کے لئے رابطے بھی شروع کر دئیے ہیں۔