ای سی سی :دفاعی منصوبوں کیلئے 5 ارب 8کروڑ کی گرانٹ منظور

ای سی سی :دفاعی منصوبوں کیلئے  5 ارب 8کروڑ کی گرانٹ منظور

اسلام آباد (اے پی پی)کا بینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی)نے دفاعی خدمات کے لیے 5ارب 80 کروڑ روپے اور پنجاب میں پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے پروگرام کے لیے 2 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دے دی۔

اجلاس میں فلم اینڈ ڈرامہ فنانس فنڈ کے لیے 70 کروڑ روپے مختص کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ کمیٹی کا اجلاس منگل کو وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں مختلف وزارتوں اور ڈویژنز کی جانب سے پیش کی گئی متعدد تجاویز اور سمریز کا جائزہ لیا گیا ۔دفاع ڈویژن کی جانب سے پیش کی گئی دو الگ الگ سمریوں پر ای سی سی نے جاری مالی سال کے دوران پنجاب میں پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے پروگرام(ایس اے پی)کے لیے 2 ارب روپے اور دفاعی خدمات کے لیے 5.081 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی ۔ ای سی سی نے فیصلہ کیا چونکہ یہ اخراجات مستقل نوعیت کے ہیں اس لیے متعلقہ رقم آئندہ مالی سال سے باقاعدہ دفاعی بجٹ میں شامل کر دی جائے گی۔

اسلام آباد میں آٹزم سینٹر کے خصوصی بچوں کی ٹرانسپورٹ کے لئے 32 کروڑ روپے کی گرانٹ منظورکی گئی۔آسان خدمت مرکز اسلام آباد کے قیام کے لیے 80 کروڑ اور ڈیجیٹل کنیکٹیوٹی اور آئی ٹی منصوبوں کے لیے 3 ارب 70 کروڑ روپے منظور کیے گئے ۔ایف بی آر کے ڈیجیٹل انفورسمنٹ سٹیشنز کے لیے 3 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ ای سی سی نے نیشنل ٹاسک فورس برائے نفاذ اصلاحات (پاور ڈویژن)کے دائرہ کار میں ایک کمیٹی تشکیل دی جس میں پٹرولیم ڈویژن، فنانس ڈویژن، لا اینڈ جسٹس ڈویژن،خصوصی سرمایہ کاری سہولت کو نسل(ایس آئی ایف سی) اور پاکستان سٹیٹ آئل کے نمائندے شامل ہوں گے ، کمیٹی 31 جنوری تک آئندہ کا لائحہ عمل معاہدے کی شرائط بشمول گارنٹی ایگریمنٹ اور لیٹر آف ایگریمنٹ پر اے پی ایل کے ساتھ مذاکرات کرے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں