محمود اچکزئی کی اپوزیشن لیڈر بننے کی راہ ہموار،مقابلے میں کوئی میدوار نہیں

محمود اچکزئی  کی  اپوزیشن  لیڈر بننے  کی  راہ  ہموار،مقابلے  میں  کوئی  میدوار  نہیں

پی ٹی آئی وفد نے سپیکر سے ملاقات کے بعد کاغذات نامزدگی جمع کرائے ، نوٹیفکیشن جاری کیا جائے :عامر ڈوگر پی ٹی آئی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں:بیرسٹر گوہر،کل تک اپوزیشن لیڈر کی تقرری ہو جائیگی :سپیکر ایازصادق

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،نامہ نگار)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب کی نااہلی کے بعداپوزیشن لیڈر کی خالی سیٹ پر تقرری کیلئے حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق ہوگیا ہے ۔محمود خان اچکزئی ہی متحدہ اپوزیشن کے واحد امیدوار ہوں گے ، کسی نے مقابلے میں کاغذات جمع نہیں کرائے ، کاغذات جمع کرانے کا وقت ختم ہو گیا ۔سپیکر قومی اسمبلی قانونی ضابطے پورے کر کے اپوزیشن لیڈر کا تقرر کریں گے ۔ بتایا گیا کہ پی ٹی آئی وفد نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کر کے اپوزیشن لیڈر کیلئے باضابطہ طور پر محمود خان اچکزئی کی نامزدگی جمع کرائی ۔سپیکر قومی اسمبلی ایازصادق کاکہنا تھا کہ پراسس مکمل ہونے پر کل تک اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا عمل مکمل ہوجائے گا۔سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات میں پی ٹی آئی وفد میں بیرسٹر گوہر علی، اسد قیصر، عامر ڈوگر اور اقبال آفریدی شامل تھے ، وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری بھی ملاقات میں شریک ہوئے ۔

ملاقات کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی نے میڈیا کو بتا یاکہ جمعرات تک اپوزیشن لیڈر کا تقرر ہو جائے گا، سپیکر ہی سب کچھ ہے ، وہ جب چاہیں نوٹیفکیشن کر سکتے ہیں، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا تقرر ہو جائے تو سینیٹ میں بھی ہو جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہ پی ٹی آئی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں، بانی پی ٹی آئی چیئرمین تھے ، ہیں اور رہیں گے ، عمران خان کے فیصلے کو کوئی سیاسی کمیٹی تبدیل نہیں کر سکتی۔قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے چیف وہپ ملک عامر ڈوگر نے اپوزیشن لیڈر کی تقرری سے متعلق سپیکر سردار ایاز صادق کو خط لکھ دیا جس میں فوری نوٹیفکیشن پر زور دیا گیا ۔خط میں کہا گیا ہے کہ اپوزیشن کی اکثریت محمود خان اچکزئی کو متفقہ طور پر قائد حزبِ اختلاف نامزد کر چکی ہے ، اپوزیشن لیڈر کا عہدہ تاحال خالی ہے ، جمہوری روایات کے تحت اپوزیشن کو اپنا قائد منتخب کرنے کا حق حاصل ہے ،قومی اسمبلی رولز آف پروسیجر اینڈ کنڈکٹ 2007 کے رول 39 کے تحت فوری نوٹیفکیشن جاری کیا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں