پاکستان ، سعودی عرب کا معدنیات میں مشترکہ سرمایہ کاری پر اتفاق
وزیر پٹرولیم علی پرویز کی ریاض میں سعودی وزیر صنعت و معدنی وسائل سے ملاقات
ریاض (اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کی وزارت برائے توانائی نے منگل کو ایک بیان میں کہا ہے پاکستان اور سعودی عرب نے معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے اور مشترکہ سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقدہ فیوچر منرلز فورم 2026 میں پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔فورم کے موقع پر علی پرویز ملک نے سعودی وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر ابراہیم الخریف سے ملاقات کی۔بیان میں کہا گیا ملاقات میں کان کنی اور معدنیات کے شعبے میں تعاون کے فروغ، مشترکہ سرمایہ کاری کے امکانات اور معدنی ویلیو چین کے مختلف مراحل میں اشتراک پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی وزیر نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معدنی شعبے میں وسیع تعاون کے امکانات کی نشاندہی کی اور یقین دلایا سعودی عرب اپنی تکنیکی مہارت اور علمی وسائل کے ذریعے پاکستان کے معدنی شعبے کی مکمل معاونت کرے گا۔انہوں نے پاکستان کی نوجوان اور متحرک افرادی قوت کو بھی اہم اثاثہ قرار دیا۔ علی پرویز نے کہا جیولوجیکل سروے آف پاکستان، سعودی جیولوجیکل سروے کے ساتھ تعاون پر کام کر رہا ہے ۔پاکستانی وزیر نے ٹیتہیان بیلٹ کی بے پناہ معدنی صلاحیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ریکوڈک اس کا صرف ایک چھوٹا سا حصہ ہے ۔ انہوں نے کھاد کی تیاری اور طبی آلات کی صنعت کو بھی مشترکہ منصوبوں کے لیے موزوں شعبے قرار دیا۔سعودی وزیر بندر ابراہیم نے پاکستانی پویلین کا دورہ بھی کیا اور اس کے منفرد ڈیزائن اور مؤثر اندازپیشکش کو بھرپور سراہا۔