آر ایس ایس ،ڈوول ڈاکٹرائن خطے میں امن کیلئے شدید خطرہ، تجزیہ کار

آر ایس ایس ،ڈوول ڈاکٹرائن خطے میں امن کیلئے شدید خطرہ، تجزیہ کار

پالیسیاں ، بیانات نہ صرف ہمسایہ ممالک ، بھارت میں بھی عدم استحکام کا باعث بن رہے بیان نفرت، انتقام، فرقہ واریت کو ہوا دینے کے مترادف ،ماہرین،بھارت میں شدید ردعمل

اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر)ہندوتوا نظر یے اور انتہا پسند ڈوول ڈاکٹرائن کے زیرِ اثر بھارت جنوبی ایشیا میں ایک ریجنل ڈسرپٹر کے طور پر سامنے آ چکا ہے ۔ ماہرین کے مطابق نئی دہلی کی پالیسیاں اور قیادت کے بیانات نہ صرف ہمسایہ ممالک بلکہ خود بھارت میں بھی شدید عدم استحکام کا سبب بن رہے ہیں۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آر ایس ایس اور ڈوول ڈاکٹرائن کا گٹھ جوڑ جنوبی ایشیا ہی نہیں بلکہ عالمی امن کے لئے بھی سنگین خطرہ بن چکا ہے ، جبکہ موجودہ بھارتی سوچ پورے خطے کو مزید عدم استحکام کی طرف دھکیل رہی ہے ۔ پڑوسی ممالک کے ساتھ مسلسل کشیدگی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ بھارتی قیادت امن کے بجائے تناؤ کو فروغ دے رہی ہے ۔

حال ہی میں بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول کا ڈیولپڈ انڈیا ینگ لیڈرز ڈائیلاگ 2026 سے خطاب شدید تنقید کی زد میں آ گیا۔ بی بی سی اردو کے مطابق اجیت ڈوول نے کہا کہ ہر نوجوان کے اندر بدلہ لینے کا جذبہ ہونا چاہیے اور بدلہ خود ایک طاقت ہے ۔اس بیان پر بھارت میں اپوزیشن جماعتوں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور سول سوسائٹی نے سخت ردعمل دیا۔ ناقدین کے مطابق یہ بیان نفرت، انتقام اور فرقہ وارانہ تشدد کو ہوا دینے کے مترادف ہے ۔پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی رہنما محبوبہ مفتی نے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صدیوں پرانے واقعات کا بدلہ لینے کی بات اقلیتوں کے خلاف تشدد کو جواز فراہم کرنے کی کوشش ہے ۔ ماہرین کے مطابق ایسے اشتعال انگیز بیانات فکری پستی کی عکاسی کرتے ہیں اور تاریخ کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں