پنجاب بلدیاتی قانون پر آج سے ریفرنڈم کا آغاز :حافظ نعیم

پنجاب بلدیاتی قانون پر آج سے ریفرنڈم کا آغاز :حافظ نعیم

چوراہوں ،عوامی مقامات پر کیمپ لگا ئے جائینگے ، نتائج پر پنجاب اسمبلی کا گھیراؤ اسلام آباد بلدیاتی آرڈیننس مسترد کرنے کے خلاف عدالت جائینگے

 اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے )جماعتِ اسلامی پاکستان کے زیرِاہتمام آج سے پنجاب کے بلدیاتی قانون پر عوامی ردِعمل جاننے کے لئے ریفرنڈم کا آغاز ہوگا۔ شفاف اور آزاد ریفرنڈم میں کروڑوں لوگ اپنی رائے کا اظہار کریں گے ، جس کی روشنی میں پنجاب اسمبلی کے گھیراؤ کا شیڈول دیا جائے گا۔یہ اعلانات امیر جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کئے ۔ امیر جماعتِ اسلامی نے اسلام آباد بلدیاتی آرڈیننس مسترد کرتے ہوئے اس کی منسوخی اور وفاقی دارالحکومت میں سابقہ شیڈول کے مطابق 15 فروری کو بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ کیا، جبکہ آرڈیننس کے خلاف جلد عدالت سے رجوع کرنے کا بھی اعلان کیا۔حافظ نعیم نے کہا کہ پنجاب میں ریفرنڈم چار روز تک جاری رہے گا ۔ چوکوں، چوراہوں، مارکیٹوں، تعلیمی اداروں اور دیگر عوامی مقامات پر کیمپ لگائے جائیں گے ،اسلام آباد کے مسائل پر بات کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں 23 ہزار درخت کاٹے جا چکے ہیں۔ ماحولیات کے تحفظ کے دعوے کرنے والا حکمران طبقہ خود ماحول تباہ کر رہا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ درختوں کی کٹائی کے ذمہ داروں کا تعین کر کے انہیں جیل بھیجا جائے ۔ حافظ نعیم نے کہا کہ ترامیم کے ذریعے آئین کا حلیہ بگاڑ دیا گیا اور وہی لوگ ترامیم لا رہے ہیں جو فارم 47 کے ذریعے اقتدار میں آئے ۔ مسلط حکمران عوام سے خوفزدہ ہیں ، انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی جانب سے غزہ میں فوج بھیجنا کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں