کامونکے :سوتیلی ماں،آشنا کے ہاتھوں مقتولہ بچی کی لاش برآ مد
کامونکے (نامہ نگار)اغوا کے بعد قتل ہونے والی7سالہ بچی زہرہ بتول کی لاش پولیس نے 3 روز بعد ماڑی نہر سے برآمد کر لی۔ پولیس کے مطابق بچی حبیب پورہ کے علاقے سے لاپتہ ہوئی تھی جس پر اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ زاہرہ بتول کو اس کی سوتیلی ماں نگینہ نے اپنے داماد عثمان کے ساتھ مل کر قتل کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ کے داماد کے ساتھ مبینہ ناجائز تعلقات تھے اور کمسن بچی نے دونوں کو قابل اعتراض حالت میں دیکھ لیا تھا۔ پولیس کے مطابق راز افشا ہونے کے خوف سے ملزموں نے زاہرہ بتول کو قتل کیا اور لاش سیم نالہ میں پھینک دی۔ پانی کے بہاؤ کے باعث لاش ماڑی نہر تک جا پہنچی جہاں سے برآمد کر لی گئی۔ لاش کی شناخت اہل خانہ نے کر لی۔ پولیس نے ملزمہ نگینہ اور اس کے داماد عثمان کو حراست میں لے لیا ، دونوں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی۔