ہیلتھ انشورنس پروگرام میں تھرپارکر پھرنظرانداز
اسلام آباد (ایس ایم زمان)وزارتِ قومی صحت نے 40 ارب کے نظرثانی شدہ پی سی ون میں اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مستقل رہائشیوں کو ہیلتھ انشورنس کے تحت علاج کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
وفاقی حکومت نے صحت سہولت پروگرام کی بحالی منصوبے میں تھرپارکر کو شامل نہیں کیا گیا ۔وزارتِ قومی صحت کے نظرثانی شدہ پی سی ون میں ہیلتھ انشورنس پروگرام کے ذ مہ 12 ارب روپے بھی شامل کئے گئے ہیں ۔ وفاقی حکومت کے ماتحت اسلام آباد، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور ضلع تھرپارکر میں نیشنل ہیلتھ انشورنس پروگرام گزشتہ دو سال سے معطل ہے ۔وفاقی وزارتِ قومی صحت نے ہیلتھ انشورنس پروگرام کے لیے 2027 تک کا نظرثانی شدہ پی سی ون منظور کیا ہے ، تاہم اس پی سی ون میں تھرپارکر کے رہائشیوں کو علاج کی سہولت جاری رکھنے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔چیف ایگزیکٹو آفیسر صحت سہولت پروگرام محمد ارشد نے دنیا کی جانب سے تھرپارکر کے رہائشیوں کو ہیلتھ انشورنس منصوبے میں شامل کرنے سے متعلق سوال کا کوئی جواب نہیں دیا۔