امن کمیٹی کا جمعہ کو پیغام امن کے نام سے منانے کا اعلان

 امن کمیٹی کا جمعہ کو پیغام امن  کے نام سے منانے کا اعلان

پشاور(دنیا رپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک )قومی پیغام امن کمیٹی نے کل جمعہ کو ملک بھر میں پیغام امن کے نام سے منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نماز جمعہ کے خطبے میں بھی اس حوالے سے بیانات جاری کیے جائیں گے ۔

اس حوالے سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور قومی پیغام امن کمیٹی کے علما کرام نے گورنر ہا ئوس پشاور میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔گورنر نے کہا کہ وہ قومی پیغام امن کمیٹی کو پشاور آنے پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں سکیورٹی فورسز اور پولیس کے جوانوں نے بہت قربانیاں دی ہیں ۔ہم اس جنگ میں پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔پیغام امن کمیٹی کے کوآرڈی نیٹر علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ قومی پیغام امن کمیٹی ملک بھر میں جائے گی اور اس کا آغاز ہم نے پشاور سے کیا ہے کیونکہ یہ صوبہ دہشت گردی سے بہت متاثر ہوا ہے ، آج پہلا دورہ پشاور کا ہے ، اس کے بعد ملک کے دیگر شہروں میں بھی جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پیغام پاکستان کی روشنی میں متفقہ فتویٰ پر امام کعبہ سمیت تمام علامہ کے دستخط شامل ہیں، خود کش دھماکوں کے خلاف سب سے پہلا فتویٰ بھی پاکستان کے علامہ کا آیا تھا، بے گناہوں کو قتل کرنے والوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ کمیٹی کے دیگر ممبران کا کہنا تھا کہ ہم ملک میں امن چاہتے ہیں افغانستان کو اب فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ کیا چاہتا ہے ، ہمیں بتایا جائے کہ مساجد پر حملے کہاں جائز ہیں ہم امن کا پیغام لے کر ہر شہر جائیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں