دھند کی شدت برقرار،موٹرویز کئی مقامات سے بند ،حادثات میں 6اموات

دھند کی  شدت  برقرار،موٹرویز  کئی  مقامات  سے  بند ،حادثات  میں 6اموات

لاہور ایئرپورٹ پر 5 پروازیں منسوخ، 6 سے زائد تاخیر کا شکار ،لاہور کا کم از کم درجہ حرارت 5 ڈگری رہا حادثات اوکاڑہ ،ساہیوال، پتوکی میں ہوئے ، 18جنوری تک سردی اور دُھند برقرار رہے گی:پی ڈی ایم اے

لاہور،اوکاڑہ،پتوکی ،قصور (نیوزایجنسیاں، خبرنگار،تحصیل رپورٹر،نمائندہ دنیا ) ملک کے مختلف حصوں میں شدید سردی اور دھند کا راج برقرار ہے ، بالائی علاقوں میں پارہ نقطہ انجماد سے بھی نیچے گر گیا ، جس کے باعث روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے ۔ لاہور ایئرپورٹ  پر دھند کے باعث متعدد پروازیں متاثر ہوئیں جبکہ ٹریفک حادثات میں 6افرادجاں بحق ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق لاہور، کراچی اور اسلام آباد سمیت بڑے شہروں میں درجہ حرارت نمایاں طور پر کم ہو گیا ہے ۔ دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہونے پر پنجاب کے مختلف حصوں میں موٹرویز اور اہم شاہراہیں ٹریفک کیلئے بند رہیں، موٹروے ایم 2 لاہور تا کوٹ مومن، موٹروے ایم 3 فیض پور تا درخانہ، ایم 4 پنڈی بھٹیاں تا ملتان اور ایم 5 ملتان تا ظاہر پیر دھند کے باعث ٹریفک کیلئے بند رہی، علاوہ ازیں موٹروے ایم 11 لاہور تا سمبڑیال اور لاہور ایسٹرن بائی پاس بھی دھند کی وجہ سے بند رہی۔موٹروے پولیس کے مطابق قومی شاہراہ پر لاہور، مانگا منڈی، پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال، کسوال اور اقبال نگر میں شدید دھند چھائی رہی جبکہ میاں چنوں، خانیوال، ملتان، لودھراں اور بہاولپور کے علاقوں میں بھی حدِ نگاہ انتہائی کم رہی ۔ لاہور ایئرپورٹ پر بیرونِ ملک جانے اور آنے والی 5 پروازیں منسوخ جبکہ 6 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہو ئیں ۔دوسری طرف رینالہ خوردمیں جی ٹی روڈ اختر آباد کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکرسے موٹر سائیکل سوار 22سالہ ضمیر جاں بحق ہوگیا جبکہ اس کا بھائی 27سالہ تنویر شدید زخمی ہوگیا ۔

ساہیوال میں بیرونی اڈالاریاں میں دھند کے دوران 55سالہ نامعلوم مسافر گاڑی کی ٹکرسے مو قع پر ہی دم توڑ گیا،ادھر نیو فیصل آباد ساہیوال روڈ پل راوی قطب شہانہ کے قریب چک 421گ ب کا موٹر سائیکل سوار نو جوان راج محمد موٹرسائیکل پھسل کر گہری کھائی میں گرنے کے سبب دم توڑ گیا جبکہ گلشن فاطمہ چک40بارہ ایل کے قریب لاہور سے آنے والی کار نے 50سالہ رخسانہ پروین کو کچل دیا جو موقع پر ہی دم توڑگئی ۔ادھر پتوکی میں صبح سویرے دھند کے باعث منڈیکی چک نمبر34سے 3مزدور موٹرسائیکل پر شوگر ملز میں ڈیوٹی کیلئے جارہے تھے کہ پتوکی شوگر ملز کے قریب یوٹرن لیتے موٹرسائیکل سواروں کو تیز رفتارمسافر بس نے ٹکر ماردی،جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار24 سالہ حسیب اور 28سالہ صدیق موقع پر جاں بحق جبکہ 1 شدید زخمی ہوگیا ۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق بالائی علاقوں میں پارہ نقطہ انجماد سے بھی کئی درجے نیچے گر گیا۔لہہ منفی 12، سکردو منفی 11، گوپس منفی 9، استور منفی 8، گلگت منفی 7، بگروٹ، ہنزہ منفی 6 اور قلات میں منفی 5 ڈگری رہا، مری منفی ایک، کوئٹہ اور مظفر آباد میں صفر ریکارڈ کیا گیا۔اسلام آباد، پشاور میں ایک اور سکھر میں درجہ حرارت دو ڈگری رہا، گزشتہ روز لاہور شہر کا کم سے کم درجہ حرارت5 اور زیادہ سے زیادہ16 سینٹی گریڈ رہا اور آلودگی کی مجموعی شرح 269 فیصد رہی ۔لاہور یا پنجاب کے دیگر میدانی علاقوں میں برفباری کا کوئی امکان نہیں، 18جنوری تک سردی اور دھند کی شدت برقرار رہے گی۔ تاہم 17اور 18جنوری کو بالائی علاقوں مری اور گلیات میں بارش اور برفباری کا امکان ہے 21 سے 22جنوری کے دوران ہلکی بارش کا امکان موجود ہے جس سے دھند اور سموگ کی صورتحال میں کمی واقع ہو گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں