سامراجی قوتیں ایران پر حملہ کرنا چاہتی ہیں،حکومت قومی پالیسی مرتب کرے:آئین تحریک تحفظ

سامراجی  قوتیں ایران  پر  حملہ  کرنا  چاہتی  ہیں،حکومت  قومی  پالیسی  مرتب  کرے:آئین تحریک  تحفظ

ایران کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ،پاکستانی عوام میں تشویش پائی جاتی ، ہمسایہ ممالک کا اجلاس بلایا جا ئے فلسطینی مسلمانوں کی نسل کُشی، لاطینی امریکا میں طرزِ عمل نے انٹرنیشنل قوانین کی دھجیا ں بکھیر دیں :اجلاس

اسلام آباد ( نیوز ایجنسیاں ) تحریک تحفظ آئین پاکستان کا اہم اجلاس پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین وتحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت ہوا۔اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت پاکستان خطہ کی بگڑتی ہوئی صورتحال خصوصاً مشرق وسطیٰ میں بحرانی کیفیت پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلائے ۔ جنگِ عظیم دوم کے بعد کا انٹرنیشنل آرڈر زوال پذیر ہے ، جہاں اسرائیلی جارحیت اور فلسطینی مسلمانوں کی نسل کُشی اور یونائیٹڈ سٹیٹس کے لاطینی امریکا میں طرزِ عمل نے انٹرنیشنل قوانین کی دھجیا ںبکھیر دی ہیں وہیں اقوام متحدہ کو بھی بے معنی کر دیا ہے ، ایسے میں حکومت خارجہ پالیسی اور اُبھرتی بحرانی کیفیت پر پارلیمان کا فوری جائنٹ سیشن بلائے اور اجتماعی دانش کے ذریعے ایک قومی پالیسی مرتب کرے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمسایہ برادر اسلامی مُلک ایران کے خلاف سامراجی و استعماری قوتیں گھیرا تنگ کر رہی ہیں اور مغربی میڈیا کے توسط سے ایک ایسا ماحول بنایا جا رہا ہے جس کو بنیاد بنا کر ہمسایہ اسلامی ملک ایران کی خودمختاری پر ضرب لگائی جا سکتی ہے - ایسے میں پاکستانی عوام میں شدید تشویش پائی جاتی ہے اور تحریک تحفظ آئین پاکستان یہ تجویز کرتی ہے کہ حکومت اِس ممکنہ بحرانی کیفیت کی سنجیدگی کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے اور اُس کے خطہ پر اثرات کے حوالہ سے ہمسایہ ممالک کا اجلاس بلائے تاکہ ایک مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دیا جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں