غیراخلاقی ویڈیووائرل کیس ،ملزمہ کا بیان ریکارڈ کرکے سیل کردیاگیا
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر) سوشل میڈیا پر غیراخلاقی ویڈیو وائرل کیس میں جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزمہ کا ضابطہ فوجداری کے سیکشن 164 کے تحت بیان ریکارڈ کر کے سر بمہر کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق اروپ پولیس نے گزشتہ روزملزمہ (ت)کو جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شیرازی کی عدالت میں پیش کیا ، مجسٹریٹ نے بیان ریکارڈ کرنے سے قبل ملزمہ سے کچھ سوالات کئے اوربیان کیلئے کمرہ عدالت کو خالی کروایا گیا ۔ ملزمہ نے بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے معاملے کا تمام مدعا ملزم عمیری پر ڈال دیا اور کہا کہ عمیری نے بلیک میل کیا اور 10 لاکھ روپے نہ دینے پر ویڈیو وائرل کرنے اوربھائی کو بھیجنے کی دھمکی دی ، ویڈیو زکسی اور نے نہیں عمیری نے اپنے موبائل فون سے بنائیں۔ اردو میں دئیے گئے بیان کو جوڈیشل مجسٹریٹ نے انگلش میں ڈکٹیٹ کروایا،ملزمہ کی کمپیوٹرکیمرہ سے لی گئی تصویر کوبیان کے صفحے پر پرنٹ کیا گیا اور بیان پر ملزمہ کے انگوٹھے لگوائے گئے ۔ عمل مکمل ہوتے ہی مجسٹریٹ نے بیان کو اپنی نگرانی میں سر بمہر کروایا ، ملزمہ کو پولیس سکیورٹی میں جوڈیشل ریمانڈ پر واپس سنٹرل جیل بھجوا دیا گیا ۔