سرکاری اداروں میں کرپشن کنٹرول کرنے کیلئے جانچ و نگرانی کا نیا نظام منظور

سرکاری اداروں میں کرپشن کنٹرول کرنے کیلئے جانچ و نگرانی کا نیا نظام منظور

کابینہ ڈویژن، نیب ، اینٹی منی لانڈرنگ ، ایف بی آر، وزارت خزانہ، ریگولیٹری اتھارٹیز کارکردگی پر نظر رکھیں گے متعلقہ محکموں کی سالانہ رپورٹس پر وزیر اعظم اقدامات کا حکم دینگے ، نیا نظام جون 2028تک نافذ کرنے کی ہدایت وزیراعظم نے ابتدائی طور پر ناقص کارکردگی ، کرپشن میں سرفہرست اداروں میں نفاذ کے احکامات دے دیئے

اسلام آباد (ایس ایم زمان ) وزیراعظم شہباز شریف نے حکومتی اداروں کی صلاحیت میں بہتری اور کرپشن میں کمی کے لیے جانچ و نگرانی کا نیا نظام بنانے کی منظوری دے دی ،مذکورہ نظام کے تحت کابینہ ڈویژن سمیت مختلف محکمے حکومتی و سرکاری اداروں کی کارکردگی و جائزہ رپورٹس تیار کریں گے ، وزیراعظم کے منظور کردہ نئے نظام کے تحت کابینہ ڈویژن، نیب ، اینٹی منی لانڈرنگ، ایف بی آر، وزارت خزانہ اور ریگولیٹری اتھارٹیز کارکردگی کی نگرانی و جانچ کرینگے ، مذکورہ محکمے حکومتی و سرکاری اداروں کو دیئے گئے کارکردگی اہداف، کرپشن ، بے ضابطگیوں اور سرکاری امور کی انجام دہی کے حوالے سے سالانہ رپورٹس تیار کریں گے ، وزیراعظم مذکورہ رپورٹس کی بنیاد پر حکومتی و سرکاری اداروں کو کارکردگی و امور کی انجام دہی کے حوالے سے اقدامات کرنے کے احکامات جاری کریں گے ، وزیراعظم شہباز شریف نے مذکورہ نظام کو سرکاری اداروں میں نافذ کے لئے جون 2028 تک کی مدت مقرر کی ہے ، وزیراعظم نے ابتدائی طور پر ناقص کارکردگی اور کرپشن کے حوالے سے سرفہرست وفاقی وزارتوں و محکموں میں یہ نظام نافذ کرنے کے احکامات دیئے ہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں