یو سی پی کا 28واں کانووکیشن ختم ، 2109 طلبہ کو ڈگریاں دی گئیں
253 کو میڈلز ،22 پی ایچ ڈیز کو اسناد دی گئیں ، طالبہ کو میرٹ سرٹیفکیٹ ملا فیکلٹی آف کمپیوٹر سائنس اور آئی ٹی کے 580 طلبا کو ڈگریوں ، اعزازات سے نوازا گیا
لاہور (سٹاف رپورٹر )یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب (یو سی پی) میں 28ویں کانووکیشن کی چار نشستوں پر مشتمل تقریبات اختتام پذیر ہو گئیں۔مختلف فیکلٹی کے 2109 طلبہ و طالبات کو ڈگریوں سے نوازا گیا، جبکہ تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 253 طلبہ کو گولڈ، سلور اور برائون میڈلز دیئے گئے جبکہ ایک طالب علم کو رول آف آنر اور ایک طالبہ کو میرٹ سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔22 پی ایچ ڈیز کو بھی اسناد دی گئیں۔پہلے سیشن کی تقریب کے مہمانِ خصوصی میاں عامر محمود، چیئرمین بورڈ آف گورنرز یو سی پی تھے ، جبکہڈاکٹر محمد امجد ثاقب، بانی و سی ای او اخوت فاؤنڈیشن گیسٹ آف آنر کی حیثیت سے شریک ہوئے ۔دوسرے سیشن کے مہمان خصوصی نیٹ سول ٹیکنالوجیز کے بانی و سی ای او سلیم غوری تھے اور ایونکس میڈیکل ڈیوائسزکے سی ای او فرخ عثمان گیسٹ آف آنرکے طور پر شریک ہوئے ۔
اس نشست میں فیکلٹی آف کمپیوٹر سائنس اور آئی ٹی کے 580 طلبہ و طالبات کو ڈگریوں اور اعزازات سے نوازا گیا۔ گریجو یٹس سے خطاب کرتے ہوئے سلیم غوری نے کہا کہ کامیابی ناکامیوں کے تجربے کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے طلبہ کو والدین اور اساتذہ کے احترام کی تلقین کرتے ہوئے ہال میں موجود طلبہ کو والدین کے لیے کھڑے ہو کر داد دینے اور اساتذہ کا شکریہ ادا کرنے کی تلقین کی، جس پر حاضرین نے بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا۔فرخ عثمان نے کہا کہ ان کی کامیابی کی بنیاد یو سی پی میں حاصل کی گئی تعلیم ہے ، اور نوجوانوں کو زندگی کے ابتدائی 30 سال سیکھنے اور اگلے 30 سال بھرپور محنت اور مقصد کے حصول کے لیے وقف کرنے چاہئیں۔دوسرے روز کے پہلے سیشن میں فیکلٹی آف لا اور فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے 470 طلبہ و طالبات کو ڈگریوں سے نوازا گیا۔
کانووکیشن میں سی ای او برانڈ سپیکٹرم انور کبیر اور سینئر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ آف پاکستان ڈاکٹر پرویز حسن بطور مہمانانِ خصوصی شریک رہے ۔سینئر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ آف پاکستان ڈاکٹر پرویز حسن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنی زندگی کا آغاز شکرگزاری سے کریں اپنے والدین، اساتذہ اور رہنماؤں کا شکریہ ادا کریں کیونکہ آپ کی کامیابی میں ان کا کردار بنیادی ہے بڑے خواب دیکھیں کیونکہ اس دنیا میں کچھ بھی ناممکن نہیں ،اپنے خوابوں کو بلند رکھیں مگر اپنے مقصد کے بارے میں واضح اور سنجیدہ بھی رہیں،صرف ایک اچھا وکیل بن جانا ہی کافی نہیں اپنی توجہ اور مقصد واضح رکھیں۔سی ای او برانڈ سپیکٹرم انور کبیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ آپ کی زندگی کا ایک نیا آغاز ہے عملی زندگی بہت مشکل ہوتی ہے لیکن آپ کو پرو ایکٹو رہنا ہوگا آپ کو خود کو بہتر بنانا ہوگا اور اپنی صلاحیتوں کو مسلسل نکھارنا ہوگا۔آخری سیشن میں منیزہ ہاشمی ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل ریلیشن ہم ٹی وی اور پروفیسر ایمریٹس پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر شاہدہ حسنین (ایم ایم جی) نے گیسٹ آف آنر کے طور پر شرکت کی۔جنہوں نے فیکلٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور فیکلٹی آف میڈیا اینڈ ماس کمیو نیکیشن کے 534 طلباء کو اسناد دیں۔تمام سیشنز میں ڈاکٹر حما د نوید نے یو نیورسٹی میں گزشتہ سال ہونے والی سر گر میوں اور کامیا بیوں کا تفصیل سے احاطہ کیا۔