دہشتگردوں کی آبادکاری میں باجوہ،عمران بھی ملوث :ایمل ولی
اعلیٰ ترین اداروں میں ان عناصر کیخلاف باضابطہ رجوع کیا ہے :سینیٹر اے این پی بعض لوگ موقف توڑ مروڑ کر پیش کرتے ہیں، حقیقت اپنی جگہ برقرار :بیان
اسلام آباد (آئی این پی)عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما و سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ میری نظر میں دہشتگردوں کی آبادکاری میں جنرل (ر)باجوہ، فیض حمید، عارف علوی، عمران نیازی اور بیرسٹر سیف ملوث ہیں ۔ انہوں نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ میں واضح اور ذمہ دارانہ طور پر اعلان کرتا ہوں کہ میں نے ریاستِ پاکستان کے اعلیٰ ترین اداروں، وزیراعظم آفس، سپریم کورٹ آف پاکستان، اور پشاور ہائیکورٹ سے ان عناصر کے خلاف باضابطہ رجوع کیا ہے جو دہشت گردوں کی سرپرستی اور دوبارہ آبادکاری میں ملوث رہے ، میں دوٹوک الفاظ میں خبردار کرتا ہوں کہ میرے اس موقف اور گفتگو کو کسی بھی فرد یا گروہ کے ذاتی یا سیاسی مفاد کیلئے استعمال نہ کیا جائے ، ایسا کوئی بھی اقدام نہ صرف غیر اخلاقی بلکہ قانونی اور سیاسی طور پر بھی الٹا پڑے گا۔ایملولی خان نے کہا کہ میں کھل کر واضح کر رہا ہوں تاکہ کوئی ابہام باقی نہ رہے کہ میرا اشارہ کس جانب ہے ، میں آئندہ بھی اسی اصولی موقف پر قائم رہوں گا، جب میں اس پورے معاملے کو گندگی قرار دیتا ہوں تو میرا مقصد حقائق کو بے نقاب کرنا ہے ، بعض لوگ میرے موقف کو توڑ مروڑ کر پیش کرتے ہیں، لیکن حقیقت اپنی جگہ پر برقرار رہتی ہے اور رہے گی۔