بلدیاتی قانون واپس نہ لیا تو اسمبلی کا گھیراؤ کرینگے :حافظ نعیم

 بلدیاتی قانون واپس نہ لیا تو اسمبلی کا گھیراؤ کرینگے :حافظ نعیم

پنجاب حکومت کو15 فروری تک مہلت،تحریک تحفظ آئین کے مطالبات جائز جماعت اسلامی کاسندھ پر مسلط حکمرانوں کیخلاف یکم فروری کو ملین مارچ کا اعلان

لاہور(سٹاف رپورٹر،سیاسی نمائندہ)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت 15 فروری تک جمہوریت دشمن بلدیاتی قانون واپس لے بصورت دیگر صوبائی اسمبلی کا گھیراؤ کیا جائے گا، تحریک تحفظ آئین پاکستان عوامی حقوق کا  ایجنڈا بھی واضح کرے ، جماعت اسلامی تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی چاہتی ہے ، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے جائز مطالبات کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ ، امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری ، امیر پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم ،ثنا اللہ سرانی، ڈاکٹر بابر رشید اور اظہر بلال بھی موجود تھے ۔امیر جماعت اسلامی نے کراچی پلازہ میں آتشزدگی کے المناک واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی مغفرت کیلئے دعا کی اور لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا۔

حافظ نعیم الرحمن نے گلُ پلازہ آتشزدگی واقعہ کو سندھ اور کراچی کی بلدیاتی حکومت کی مکمل ناکامی قرار دیتے ہوئے یکم فروری کو کراچی کے مسائل اور صوبہ پر مسلط حکمرانوں کے خلاف ملین مارچ کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے بلدیاتی قانون پر تاحال 15 لاکھ نتائج مرتب ہو چکے جن کے مطابق 99 اعشاریہ سات فیصد لوگوں نے کالے قانون کو مسترد کیا، 15 فروری تک بااختیار بلدیاتی نظام کے حق میں آگاہی کا سلسلہ جاری رہے گا ،ن لیگ اور پیپلز پارٹی دو خاندانوں ، چند چودھریوں اور وڈیروں پر مشتمل پارٹیاں ہیں، دونوں قومی انتخابات میں بری طرح شکست سے دوچار ہوئیں مگر انہیں زبردستی مسلط کردیا گیا۔ جماعت اسلامی مطالبہ کرتی ہے کہ پورے ملک میں بااختیار بلدیاتی نظام قائم کیا جائے ، پنجاب کے بلدیاتی قانون کو آئین کے مطابق تشکیل دے کر انتخابات کا اعلان کیا جائے ۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ٹرمپ کا غزہ پر بورڈ آف پیس کا اعلان نو آبادیاتی نظام کی نئی شکل ہے ، پاکستان کو غزہ پر آئی ایس ایف اور بورڈ آف پیس میں کسی صورت شامل نہیں ہونا چاہیے ، پاکستان غزہ پر حماس کی حمایت یافتہ فلسطینیوں پر مشتمل کمیٹی کی حمایت کرے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں