غزہ بورڈ میں شامل ہونااعزاز کی بات :سید محمد علی
سٹیبلائزیشن فورس اورحماس کو غیر مسلح کرنے میں کوئی صداقت نہیں شمولیت کا فیصلہ کئی ماہ مشاورت کے بعد ہوا ، دنیا مہر بخاری کیساتھ میں گفتگو
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)ماہر بین الاقوامی امور سید محمد علی نے کہا ہے کہ پاکستان کا غزہ بورڈ آف پیس میں شامل ہونا بڑی اہم پیش رفت ہے ،اس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ یہ جو بورڈ آف پیس ہے بتدریج ایک اہم فیصلہ ساز فورم کے طور پر دنیا کے سامنے آیا ہے ،ایک ایسے وقت میں جب اقوام متحدہ بہت سے تنازعات کے حل میں یا تصفیہ میں ، تنازع ختم کرنے میں کامیاب نہیں ہوا۔دنیا نیوز کے پروگرام \'دنیا مہر بخاری کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان کا بورڈ آف پیس میں شامل ہونا بڑے اعزاز کی بات ہے ،بورڈ آف پیس میں پاکستان کی جو شمولیت ہے وہ تین چیزوں کے ساتھ مشروط ہے ،پہلی بات اقوام متحدہ کی قرار داد کامینڈیٹ،دوسری شرط فوری اور دیر پا جنگ بندی،تیسری بات، ریلیف کی بحالی، چوتھی بات،تعمیرِ نو کا آغاز، ان چیزوں میں پاکستان کی زیادہ توجہ ہے ۔سٹیبلائزیشن فورس اور حماس کو غیر مسلح کرنے کے حوالے سے ان میں کوئی صداقت نہیں ،پاکستان اس قسم کی کسی بھی اریجمنٹ کا حصہ نہیں بن رہا،ساتھ ساتھ دیگر اہم عرب اور مسلم ممالک ہیں ان کے ساتھ پاکستان مسلسل رابطے میں ہے اور مشاورت کا عمل ابھی جاری ہے ، پاکستان نے بورڈ آف پیس میں شمولیت کا فیصلہ جلد بازی میں نہیں کیا،اس پر کئی ماہ سے مشاورت جاری تھی ،دوسری بات ،اس حوالے سے ابھی کوئی چیزفائنل نہیں ہوئی۔