صوبائی وزیر ڈاکٹر امجد کیخلاف الیکشن کمیشن کا نوٹس کالعدم

صوبائی وزیر ڈاکٹر امجد کیخلاف الیکشن کمیشن کا نوٹس کالعدم

درخواست گزار کے اثاثہ جات درست ، سپیکر نے ریفرنس مسترد کر کے ٹھیک کیا معاملہ لارجر بینچ کیلئے الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا،پشاور ہائی کورٹ کا تحریری فیصلہ

پشاور(آئی این پی )پشاور ہائی کورٹ نے صوبائی وزیر ڈاکٹر امجد کے خلاف الیکشن کمیشن کے نوٹس کو کالعدم قرار دے دیا اور معاملے کو چیف الیکشن کمشنر کو بھجوا دیا تاکہ وہ اس کیس کو سننے کے لئے لارجر بینچ تشکیل دے ۔ پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس سید ارشد علی نے صوبائی  وزیر ڈاکٹر امجد کا الیکشن کمیشن اثاثہ جات نوٹس اور کارروائی کے خلاف کیس میں 10 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا ۔فیصلے میں کہا گیا کہ محکمہ ریونیو اور ڈی سی سوات کے مطابق درخواست گزار کے اثاثہ جات کی تفصیلات درست ہیں جبکہ الیکشن کمیشن نے درخواست گزار کے خلاف حکم امتناع کے باوجود فیصلہ دیا ۔ الیکشن کمیشن کے پاس درخواست گزار کو نااہل کرنے کے لئے سپیکر کو ریفرنس ارسال کرنے کا اختیار نہیں ۔فیصلے میں یہ بھی لکھا گیا کہ اسی طرح کسی بھی رکن کی نااہلی کا اختیار الیکشن کمیشن ،عدالت اور نہ ہی ٹربیونل کو حاصل ہے ۔ قانون کے مطابق سپیکر صوبائی اسمبلی نے ٹھیک کیاکہ الیکشن کمیشن کے ریفرنس کو مسترد کیا۔ فیصلہ میں یہ بھی کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے عدالتی حکم امتناع کی توہین کرتے ہوئے درخواست گزار کے خلاف آرڈر پاس کیا۔الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے ، اس وجہ سے انکے خلاف توہین عدالت کارروائی سے عدالت خود کو روکتی ہے ۔ اس لئے اس معاملے کو چیف الیکشن کمیشن کو بھجواتی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں