ٹریفک حادثات : 4 مزدوروں سمیت 16 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

ٹریفک حادثات : 4 مزدوروں سمیت 16 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

سرگودھا کے علاقے میلووال میں بھوسے والا ٹرک الٹنے سے 4مزدور جاں بحق، 8 زخمی ، ڈرائیور،ٹھیکیدار کیخلاف مقدمہ نارووال،ظفروال میں 3، کوٹ رادھاکشن میں 4 ، کوہاٹ ٹنل کے قریب 2 ہلاکتیں ،خیبر میں 2 بچے زندگی کی بازی ہارگئے

سرگودھا،قصور (نمائندگان دنیا ، نیوزایجنسیاں )مختلف ٹریفک حادثات میں 4مزدوروں سمیت 16افرادجاں بحق اورمتعددزخمی ہوگئے ۔بتایاگیاہے کہ سرگودھامیں میانی کے نواحی علاقے میلووال میں بھیرہ تا دھوری روڈ پر حمزہ پٹرولیم کے قریب بھوسے (توڑی) سے لدا ٹرک الٹنے کے نتیجے میں 4 مزدور جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہو گئے ۔ادھرنارووال ظفروال روڈ پر دہمتھل سٹاپ کے قریب ڈمپر اور  موٹرسائیکل میں تصادم کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار 71سالہ عبدالرشید اور 19سالہ محمد احمد زندگی ہارگئے جبکہ ظفروال چونڈہ چوک کے قریب رحمان اپنے بھائی کے ساتھ لوڈر رکشہ پر سڑک عبور کرنے لگا تو سامنے سے آنے والی موٹر سائیکل نے رکشہ کو ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں تیرہ سالہ طالبعلم رحمان سکنہ اونچہ کلاں موقع پر جان بحق اور دو افراد حسنین اور مزمل زخمی ہوگئے۔

قصور میں بوئے آصل سٹاپ چھانگامانگا روڈ کوٹ رادھاکشن میں دوست کی شادی سے واپس آنیوالوں کی تیز رفتار کار الٹ کر درختوں کے ساتھ جا ٹکرا ئی جس کے نتیجہ میں پتوکی کے رہائشی 4 نوجوان ملک عبداللہ ، ملک کیف ، ملک رحمت اور ملک مٹھو جاں بحق ہوگئے ،دوسری طرف غازی روڈ کا رہائشی محمد فیاض قصور سے موٹر سائیکل پر آرہا تھا کہ گرلز کالج کے قریب پیچھے سے آنے والا تیز رفتار مزداڈالہ بے قابو ہوکر موٹر سائیکل پر چڑھ گیا ،جس کے نتیجہ میں فیاض موقع پر جان کی بازی ہار گیا ،۔کوہاٹ میں انڈس ہائی وے پر کوہاٹ ٹنل کے قریب مسافر کوچ اور ایف سی بس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ 13 زخمی ہوگئے جبکہ ضلع خیبر کی وادی تیراہ سے نقل مکانی کرنے والے خاندان کی گاڑی گہری کھائی میں گرنے سے 2 بچے دو سالہ آمنہ اور بارہ سالہ حفیظ اﷲجاں بحق جبکہ انکے والدین سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں