عمران کے ایکس اکاؤنٹ بندش ہربار مسترد ہوئی ، پی ٹی اے
اسلام آباد ، لاہور (اپنے نامہ نگار سے ، کورٹ رپورٹر )بانی تحریک انصاف کا ایکس اکاؤنٹ بند کرانے کیلئے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے )کی رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دی گئی۔۔۔
جس میں کہا گیا ہے کہ ایکس اکاؤنٹ بند کرانے کے لئے کئی بار خط لکھے مگر ہر بار درخواست کو مسترد کر دیا گیا ۔ رپورٹ کے مطابق 21 اگست 2022 کو پی ٹی اے نے پہلی مرتبہ بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکاؤنٹ بند کرانے کیلئے ایکس انتظامیہ کو خط لکھا۔ اس کے بعد 18 اپریل 2024 کو توشہ خانہ، سائفر اور عدت کیس میں سزاؤں کا حوالہ دیتے ہوئے دوبارہ اکاؤنٹ بند کرنے کی درخواست کی گئی۔ 27 نومبر 2025 کو بانی پی ٹی آئی کی 47 ٹویٹس بلاک کرنے کے لیے ایکس کو خط لکھا گیا، تاہم ایکس انتظامیہ نے ان میں سے صرف ایک ٹویٹ بلاک کی جبکہ باقی درخواست مسترد کر دی گئی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا کمپنیاں اپنے اپنے ممالک میں رجسٹرڈ ہیں اور دوسرے ممالک کے قوانین کو لازم نہیں سمجھتیں۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے پی ٹی آئی رہنما اکمل خان باری کی ہراساں کرنے اور گرفتاری سے روکنے کی درخواست پر درخواست گزار کو درخواست میں ترمیم کرکے دوبارہ دائر کرنے کی ہدایت کردی۔