اسحاق ڈار کا دورہ امارات، 3 ارب ڈالر قرض کو سرمایہ کاری میں بدلنے کی راہ ہموار
یواے ای کوایک ارب ڈالر کے شیئرز بیچے جائینگے ،2ارب ڈالرز سرمایہ کاری میں تبدیل کرنے پر بھی بات چیت جاری چیئرمین اتصالات سے بھی سرمایہ کاری پرگفتگو، ترکیہ ، ایرا نی ہم منصبوں سے رابطہ ، علاقائی، عالمی امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد(ذیشان یوسفزئی ) نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر ہیں ،دفتر خارجہ کے مطابق وہ ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کے بعد سوئٹزرلینڈ سے یو اے ای گئے ۔ ذرائع نے روزنامہ دنیا کو اس بات کی تصدیق کی کہ پاکستان نے اماراتی حکام سے 3 ارب ڈالرز قرض کے حوالے سے بات چیت کی ،متحدہ عرب امارات نے تین ارب ڈالرز کا جو قر ض دیا تھا اس میں سے ایک ارب ڈالر کو رول اوور کیا گیا تھا اس کی مدت رواں ماہ ختم ہورہی ہے ۔پاکستان کی خواہش ہے کہ اس قرضے کو سرمایہ کاری کی شکل میں بدلا جائے تاکہ ملکی معیشت میں بہتری لائی جا سکے اور یہ بوجھ ختم ہوجائے، ایک ارب ڈالر جو رول اوور ہوئے تھے ان کی مدت پوری ہونے جاری ہے۔
پاکستان چاہتا کہ امارات پاکستانی کمپنی میں شیئرز خرید ے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اماراتی حکام پہلے ہی پاکستان سے ایک ارب ڈالر کے رول اوور کے لئے رابطے میں تھے اور اس سلسلے میں ایک ارب ڈالر کے بدلے پاکستانی کمپنی کے کچھ شیئرز حاصل کئے جائیں گے ، جس کے بعد ایک ارب ڈالر کی واجب الادا رقم ختم ہو جائے گی ، اس کے علاوہ باقی دو ارب ڈالرز قرض کو بھی سرمایہ کاری میں تبدیل کرنے پر بات چیت ہورہی ہے ،اس سلسلے میں یو اے ای کی کمپنی اتصالات کے ساتھ بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت ہوئی، اس صورتحال پر پیش رفت کا آغاز تب ہوا جب امارتی صدر نے پاکستان کا دورہ کیا اور ادھر پاکستان میں ان کے ساتھ یہ بات چیت ہوئی تھی جس کے بعد اماراتی کمپنیوں نے بھی پاکستان کے ساتھ رابطے شروع کئے تھے اور اب ان چیزوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔
دریں اثنا نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے دبئی میں چیئرمین اتصالات جاسم محمد بو عطابہ الزعابی اور ابو ظہبی کے محکمہ خزانہ کے نمائندوں سے ملاقات کی ، ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون کا جائزہ لیا گیا۔ ملاقات میں سرمایہ کاری بڑھانے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا ، دوسری جانب نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا ،دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ میں ایران کے حق میں پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور انسانی حقوق کونسل میں ایران سے متعلق قرارداد پر پاکستان کے مؤقف کو سراہا ، انہوں نے وزیر اعظم، حکومت اور عوامِ پاکستان کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔اس کے علاوہ اسحاق ڈار نے ترکیہ کے وزیر خارجہ سے بھی ٹیلی فون پر گفتگو کی ۔