حکومت نے آئندہ بجٹ کی حکمت عملی منظور کرلی، 6 اہداف ترجیح
سرمایہ کاری، برآمدات، صنعت ویلیو ایڈیشن، ڈیجیٹلائزیشن،آئی ٹی ودیگرشامل
اسلام آباد (ایس ایم زمان)وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ کی حکمتِ عملی کی منظوری دے دی ۔ وزارتِ خزانہ نے منظور شدہ چھ نکاتی بجٹ سٹرٹیجی تمام وفاقی وزارتوں کو ارسال کر دی اور ہدایت کی کہ ترقیاتی اور غیر ترقیاتی منصوبے اسی فریم ورک کے تحت تیار کیے جائیں۔بجٹ حکمتِ عملی کے مطابق براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری اور برآمدات میں اضافہ ترجیحات میں شامل ہے جبکہ صنعت اور مینوفیکچرنگ کے شعبے میں ویلیو ایڈیشن کے ذریعے پیداوار بڑھانے اور مقامی مائننگ کی حوصلہ افزائی پر زور دیا گیا ہے۔
سٹرٹیجی میں معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن، کیش لیس اکانومی کے فروغ اور آئی ٹی برآمدات میں اضافے کو اہم قرار دیا گیا ہے۔ موسمیاتی تبدیلی کے تناظر میں قدرتی وسائل کے تحفظ، پانی، توانائی، خوراک اور گرین اقدامات کو بھی بجٹ اہداف کا حصہ بنایا گیا ہے ۔اسی طرح کم لاگت اور ماحول دوست توانائی انفراسٹرکچر کی تعمیر، معاشرتی انصاف کے فروغ، خواتین کی روزگار میں شمولیت بڑھانے اور نوجوانوں میں بے روزگاری کم کرنے کو بھی آئندہ بجٹ کی ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے ۔