سابق اولمپیئن گرفتار، منشیات سمگلنگ کے سنگین الزامات

 سابق اولمپیئن گرفتار، منشیات سمگلنگ کے سنگین الزامات

ٹورنٹو(سپورٹس ڈیسک )کینیڈا کے سابق اولمپک سنو بورڈر ریان جیمز ویڈنگ کو کئی برسوں تک مفرور رہنے کے بعد میکسیکو میں گرفتار کر لیا گیا ہے ۔

امریکی حکام نے اس گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 44 سالہ ویڈنگ پر میکسیکو کے بدنام زمانہ سینالوا کارٹیل سے منسلک ایک بڑے اور پرتشدد بین الاقوامی منشیات نیٹ ورک کی قیادت کا الزام ہے ۔ایف بی آئی کے مطابق ویڈنگ کولمبیا سے میکسیکو اور پھر جنوبی کیلیفورنیا کے راستے سینکڑوں کلوگرام کوکین منتقل کرواتا تھا، جو بعد ازاں امریکا اور کینیڈا میں تقسیم کی جاتی تھی۔حکام کا ماننا ہے کہ وہ گزشتہ دس سال سے زائد عرصے سے میکسیکو میں مقیم تھا اور وہیں سے اس مجرمانہ نیٹ ورک کو کنٹرول کر رہا تھا۔ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ ویڈنگ جدید دور کے خطرناک ترین منشیات اسمگلرز میں سے ایک ہے ، جس کی تنظیم پر سنگین تشدد، حتیٰ کہ گواہوں کے ٹارگٹ کلنگ جیسے الزامات ہیں۔ایک وفاقی گواہ، جو ویڈنگ کے خلاف عدالت میں بیان دینے والا تھا، مبینہ طور پر اس کے مقرر کردہ انعام کے بعد ایک ریسٹورنٹ میں قتل کر دیا گیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں