حنیف عباسی کا راولپنڈی ٹائیگرز کرکٹ ٹیم بنانے کا اعلان

 حنیف عباسی کا راولپنڈی ٹائیگرز کرکٹ ٹیم بنانے کا اعلان

14یا 15فروری کو راولپنڈی میں لاہور قلندرز کے زیراہتمام اوپن ٹرائلز ہونگے سفارش قبول نہیں،پی ایس ایل لیول کی ٹیم ہوگی :عاطف راناکیساتھ پریس کانفرنس

راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے راولپنڈی ٹائیگرز کرکٹ ٹیم کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ راولپنڈی کے نوجوانوں کو کرکٹ میں آگے لانے کا فیصلہ کیا ہے ، 14 یا 15 فروری کو راولپنڈی ڈسٹرکٹ میں لاہور قلندرز کے زیراہتمام اوپن ٹرائلز ہوں گے ، ٹرائلز مکمل طور پر 100 فیصد میرٹ پر ہوں گے ، کوئی سفارش قبول نہیں ہو گی،راولپنڈی ٹائیگرز کو پی ایس ایل لیول کی ٹیم بنائیں گے ۔ لاہور قلندر کے سی ای او عاطف رانا کے ہمراہ پریس کانفرنس میں انہوں نے لاہور قلندر کے کردار کو پاکستان کرکٹ کی 71 سالہ تاریخ میں مثالی قرار دیتے ہوئے نوجوانوں، بچوں اور بزرگوں میں کرکٹ کا رومانس زندہ رکھنے پر لاہور قلندر کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

حنیف عباسی نے کہا کہ میں شروع سے لاہور قلندر کا فین رہا ہوں،ہارنے والا ہی جیتنا سیکھتا ہے ،راولپنڈی کے نوجوانوں کو کرکٹ میں آگے لانے کا فیصلہ کیا ہے ،صرف راولپنڈی ڈسٹرکٹ کا ڈومیسائل رکھنے والے نوجوان ٹرائلز کیلئے اہل ہونگے ،،منتخب 20 کھلاڑیوں کو لاہور قلندر ہائی پرفارمنس سینٹر بھیجا جائے گا،نوجوان کھلاڑیوں پر تمام اخراجات خود برداشت کر ینگے ،باصلاحیت کھلاڑیوں کو بیرونِ ملک ٹریننگ کے مواقع بھی دیے جائیں گے ،تین سال میں راولپنڈی کو پی ایس ایل میں لانے کا ہدف مقرر کیا ہے ، رانا عاطف نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو ٹرائلز کے ذریعے آگے بڑھایا جائے گا،پی ایس ایل اب ایک انٹرنیشنل سٹینڈرڈ بن چکا ہے ،ٹیم کا معیار پی ایس ایل لیول کا ہوگا، بیرونِ ملک کوچز اور پلیئرز کو پاکستان بلایا جائے گا،راولپنڈی کے کھلاڑیوں کو لاہور قلندر فالو اپ سینٹر میں ٹیسٹ کیا جائے گا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں