مغوی سی ای او کپس کالج سی ٹی ڈی کے خوف سے رہا
اغواکاروں نے اس شرط پر رہا کیا کہ سی ٹی ڈی کو کچھ نہیں بتائیں گے ،مغوی بس پر بٹھا کر کرایہ بھی خود ادا کیا:عابد وزیر،جلد گرفتار کرینگے :سی ٹی ڈی
لاہور(نیوز ایجنسیاں ،مانیٹرنگ ڈیسک)کپس کالج کے مغوی سی ای او عابد وزیر کی رہائی سے متعلق انکشاف ہوا ہے کہ انہیں سی ٹی ڈی کے خوف سے چھوڑا گیا۔جوہر ٹاؤن میں نجی کالج کے سی ای او عابد وزیر کو بدھ کے روز 16 کروڑ روپے تاوان کے لیے اغوا کیا گیا تھا لیکن سی ٹی ڈی کے قریب پہنچنے کے باعث انہیں عابد وزیر کو چھوڑنا پڑا۔مغوی کے مطابق ملزموں نے اس شرط پر انہیں رہا کیا کہ وہ سی ٹی ڈی کو کچھ نہیں بتائیں گے۔
اغوا کاروں نے یہ بھی کہا کہ تاوان نہ دیں بلکہ ہم سے بھی پیسے لے جائیں۔ اغوا کاروں نے بس پر بٹھا کر کرایہ بھی خود ادا کیا۔عابد وزیرکے مطابق ملزمان نے مطالبہ کیا کہ سی ٹی ڈی کو صرف یہ بتایا جائے کہ کسی نے اغوا نہیں کیا۔ادھر سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی کی کار روائیوں کی بدولت صوبے میں سنگین جرائم 65 فیصدکم ہوگئے ہیں، ملزمان کے قریب پہنچ چکے ہیں، جلد گرفتار کریں گے ۔پولیس نے بتایا کہ مقدمہ فی الحال نامعلوم افراد کے خلاف درج ہے ، تاہم شواہد کی روشنی میں ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور تفتیش جاری ہے۔