وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا جمعرات کو اڈیالہ جیل جانے کا اعلان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا جمعرات کو اڈیالہ جیل جانے کا اعلان

بانی سے ملاقات نہیں کرائی جاتی ،سٹریٹ موومنٹ منظم،پرامن،آئینی جدوجہد ہم پرامن تھے ، پرامن ہیں اور پرامن ہی رہیں گے :نوشہرہ اور مردان میں خطاب

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبر پختونخواسہیل آفریدی نے عمران خان اور ان کی اہلیہ سے اڈیالہ جیل میں ملاقات نہ کرانے پر تنقید کا اظہار کرتے ہوئے جمعرات کو اڈیالہ جیل جانے کا اعلان کردیا۔نوشہرہ کے علاقے تاروجبہ میں سٹریٹ موومنٹ ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ تحریک فسطائیت کے خلاف ایک منظم، پرامن اور آئینی جدوجہد ہے ، جس میں کسی قسم کے تشدد یا انتشار کی کوئی گنجائش نہیں۔ ہماری قیادت نے ہمیں پرامن سیاسی جدوجہد کی جو تربیت دی ہے ، ہم اس پر مکمل طور پر کاربند ہیں، اسی لئے اس پوری تحریک کے دوران ایک گملا تک نہیں توڑا گیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ہم پرامن تھے ، پرامن ہیں اور پرامن ہی رہیں گے کیونکہ آئین پاکستان ہمیں پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے اور ہم اس آئینی حق کو ہر صورت استعمال کریں گے ۔انہوں نے واضح کیا کہ سٹریٹ موومنٹ کو 8 فروری تک عروج پر لے جایا جائے گا، جس کا مقصد ناحق قید اپنے قائد کی رہائی کیلئے عوامی آواز کو منظم اور طاقت ور بنانا ہے جبکہ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان بھی اسی مرحلے پر کیا جائے گا۔ بعدازاں سہیل آفریدی نے مردان کے پاکستان چوک پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعرات کو اڈیالہ جیل جائیں گے اور ملاقات نہ کرانے کے ظلم کے خلاف اپنی آواز بلند کریں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں