مریم نواز کا سوہنا پنجاب منصوبہ،51شہروں میں کام شروع
وزیراعلیٰ کی پہلے فیز کی جون تک تکمیل اور ہر شہر میں بنیادی پراجیکٹس کی جلدمکمل کرنے کا حکم مریم نواز نے خود پنجاب ڈویلپمنٹ پلان کی مانیٹرنگ سنبھال لی،صوبائی و ضلعی کنٹرول روم قائم
لاہور(دنیانیوز)پنجاب کے 51شہروں میں ’’مریم نواز کا سوہنا پنجاب‘‘منصوبوں پر کام شروع کر دیا گیا،وزیراعلیٰ مریم نوازکا سوہنا پنجابکے پہلے فیز کی جون 2026تک تکمیل اورہر شہر میں سیوریج سمیت دیگر بنیادی پراجیکٹس کی جلد تکمیل کا حکم دیاہے ۔پنجاب ڈویلپمنٹ پلان پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے صوبائی و ضلعی کنٹرول روم قائم ہوگا،وزیراعلیٰ نے پراجیکٹس کی تکمیل اور عوامی مسائل کے حل کی براہ راست نگرانی کا حکم دیا اورخودپنجاب ڈویلپمنٹ پلان کی براہِ راست مانیٹرنگ سنبھال لی ہے ۔گوجرانوالہ کی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی پیکیج مل گیا جبکہ ہر گلی اورمحلے تک ترقی کے ثمرات پہنچانے کے لئے 42 ارب 62 کروڑ کا تاریخی پنجاب ڈویلپمنٹ پلان دیا گیاہے ۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت گزشتہ روز خصوصی اجلاس ہوا،ملتان، ڈیرہ غازی خان، بھکر، وہاڑی، وزیرآباد، گوجرانوالہ، شیخوپورہ اور قصور کے ڈپٹی کمشنرز نے بریفنگ دی ۔پنجاب کے 51 شہروں میں 5887 کلومیٹر طویل سیوریج اور 181 ڈرینج لائنیں تعمیر کی جائیں گی، آمدورفت میں آسانی یقینی بنانے کے لئے 100 کلومیٹر طویل سڑکیں اور گلیاں پختہ کی جائیں گی ،مین ہول کے 33ہزار سے زائد نئے ڈھکن مہیا کئے جائیں گے ۔ پنجاب میں سیوریج کے لئے ہائی ڈینسٹی پولی تھائی لین پائپ کی تیاری تیزی سے جاری ہے ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے وہاڑی اور شیخوپورہ میں بیوٹیفکیشن پراجیکٹ کی جلد تکمیل کی ہدایت کی اورڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال قصور کی ری ویمپنگ پر ڈپٹی کمشنر کو شاباش دی۔