39ارب کا نیا پاورٹی گریجویشن پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ
غربت کے خاتمے کیلئے چار سالہ پروگرام 25 اضلاع میں لاگو کیا جائے گا سماجی تحفظ کے اقدامات کو مزید وسعت دی جائیگی ،وزارت تخفیفِ غربت
اسلام آباد (اے پی پی) وزارت تخفیفِ غربت اور سماجی تحفظ نے ملک میں غربت کے خاتمے اور مستحق خاندانوں کو پائیدار معاشی خودمختاری کی طرف لے جانے کے لیے 39 ارب روپے کا نیا پاورٹی گریجویشن پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ چار سالہ پروگرام 2026 سے 2029 تک جاری رہے گا اور ملک بھر کے 25 اضلاع میں نافذ کیا جائے گا، جس میں شفافیت، جوابدہی اور قابلِ پیمائش نتائج کو مرکزی حیثیت حاصل ہوگی۔وزارت نے بتایا کہ اس سے قبل چاروں صوبوں کے 21 پسماندہ اضلاع میں نیشنل پاورٹی گریجویشن پروگرام کامیابی سے مکمل کیا جا چکا ہے ، جس کے تحت بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے وابستہ کمزور خاندانوں کو باعزت اور پائیدار آمدنی کے ذرائع فراہم کئے گئے ۔ مستفید ہونے والوں کو پیداواری اثاثے ، بلا سود قرضے ، روزگار کی تربیت اور ہنر مندی کے مواقع د ئیے گئے ، جس کے نتیجے میں نئے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے جبکہ 96 ہزار خاندان مستقل طور پر غربت سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوئے ۔وزارت کے مطابق نئے پروگرام کی نگرانی آزادانہ جانچ، تیسرے فریق کے آڈٹ اور مؤثر شکایات کے ازالے کے نظام کے ذریعے کی جائے گی تاکہ شفافیت اور اعتماد کو مزید مضبوط بنایا جا سکے ۔ پاکستان بیورو آف شماریات کے تعاون سے ایک ڈیجیٹل سوشل پروٹیکشن ڈیش بورڈ بھی تیار کیا گیا ہے جس سے وفاقی اور صوبائی سطح پر رپورٹنگ اور شواہد پر مبنی پالیسی سازی کو فروغ ملے گا۔وزارت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سماجی تحفظ کے اقدامات کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ غریب اور کمزور طبقات کو وقار، شفافیت اور بروقت امداد فراہم کی جا سکے ۔