بھاٹی گیٹ جیسے واقعات برداشت نہیں کئے جا سکتے ، ملک احمد خان
جن کی کوتاہی انکے خلاف سخت ایکشن ہو گا ،احتجاج کیلئے کسی کو روکا نہیں جا سکتا جن لوگوں کو 14اگست کاتقد س نہیں وہ بسنت کو بھی سیاسی ایونٹ بنا سکتے ہیں، گفتگو
لاہور (صباح نیوز)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ داتا دربار آنے والی فیملی کے ساتھ جو واقعہ پیش آیا ایسے واقعات بالکل برداشت نہیں کئے جا سکتے ،اس واقعہ کی جامع تحقیقات ہونی چاہئے ۔جن کی کوتاہی ہے ان کے خلاف سخت ایکشن ہو گا۔انہوں نے کہا کہ احتجاج کے لئے کسی کو روکا نہیں جا سکتا، لیکن اگر کوئی احتجاج کی آڑ میں کریمنل ایکٹ کرتا ہے تو اس کو روکا جانا چاہیے ۔چودہ اگست کو بھی ایک سیاسی جماعت نے پاکستان کی بجائے اپنی سیاسی جماعت کا جھنڈا اٹھایا، جن لوگوں کو چودہ اگست کاتقد س نہیں وہ بسنت کو بھی سیاسی ایونٹ بنا سکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جن سیکرٹریز پر لازم ہے کہ اسمبلی اجلاس میں آئیں ان کو آنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ احتجاج کے لئے سڑکیں بند کی جاتی ہیں جس کے میں سخت خلاف ہوں ،یہ کیا بات ہوئی کہ کسی کی زندگی مفلوج کر کے اپنا حق مانگنا ہے ،دیکھیں جیسے کرکٹ ٹیم کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو جاتا ہے ۔پی سی بی کو چاہیے کہ ٹیم کو ہیلی کاپٹر میں لے کر جائے ، جیسے ٹریفک کا نظام بہتر ہوتا ہے کریں۔پی سی بی یہ کرسکتا ہے ، سٹیڈیم کے پاس کوئی انتظام ہو سکتا ہے ۔