ترک فوجی سربراہ کی وزیردفاع ،فیلڈ مارشل سے ملاقاتیں
استحکام کیلئے کردار اداکرینگے :جنرل سلجوق ،دفاعی تعاون بڑھائینگے :خواجہ آصف عسکری سطح پر تعلقات مزید مضبوط بنائیں گے :چیف آف ڈیفنس فورسزعاصم منیر
اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر) ترک چیف آف جنرل سٹاف جنرل سلجوق بیرقدار اوغلو نے وزیرِ دفاع خواجہ آصف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقاتیں کی، اس دوران دفاعی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کا عزم کیاگیا۔ وزارت دفاع کے ترجمان کے مطابق ترک چیف آف ڈیفنس فورسز کی وزیردفاع سے ملاقات کے دوران فریقین نے پاکستان اور ترکیہ کے مابین دیرینہ تاریخی دوستانہ تعلقات اور برادرانہ روابط کا اعادہ کیا، جو مشترکہ تاریخ، اقدار اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ ترک چیف آف ڈیفنس فورسز نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ معزز مہمان نے افغانستان سمیت خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے ترکیہ کے عزم کا اظہار کیا اور تنازعات سے بچاؤ، باہمی مشاورت اور مشترکہ کاوشوں کے ذریعے اجتماعی سلامتی کے فروغ پر زور دیا۔وزیرِ دفاع نے بالخصوص مشکل اوقات میں ترک قیادت اور عوام کی مستقل حمایت اور اصولی مؤقف پر دلی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے رابطے ، تحمل اور علاقائی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کے ذریعے پاکستان کے مؤقف کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور بشمول دفاعی اور سلامتی تعاون کے فروغ پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ملاقات کا اختتام پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کے ساتھ ہوا، جو سٹرٹیجک ہم آہنگی اور خطے میں دیرپا امن و استحکام کے مشترکہ وژن کی عکاس ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق ترک چیف آف جنرل سٹاف نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ اس دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے اور دنیا کی موجودہ سکیورٹی صورتحال جبکہ دو طرفہ دفاعی اور عسکری تعاون کے فروغ کے امکانات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات کی موجودہ مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا اور دفاعی تعاون میں مزید وسعت، قریبی رابطہ کاری اور مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کا رشتہ مشترکہ تاریخ، باہمی اعتماد اور عوامی سطح پر مضبوط روابط پر قائم ہے ۔ انہوں نے ترک مسلح افواج کے تعاون کو سراہا اور عسکری سطح پر تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر جنرل سلجوق نے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔ انہوں نے تربیت، مشترکہ مشقوں اور استعداد کار میں اضافے سمیت دفاعی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔یہ دورہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط سٹرٹیجک شراکت داری اور خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے ، قبل ازیں جی ایچ کیو آمد پر مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔