سعودی سفیر کی ملاقات

 سعودی سفیر کی ملاقات

اسلام آباد(نامہ نگار) وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے ملاقات کی، جس میں باہمی تعاون کے مختلف شعبوں اور دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جمعہ کو جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران فریقین نے جاری تعاون کا جائزہ لیا اور بالخصوص توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔اس موقع پر اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینے اور باہمی مفاد پر مبنی سرمایہ کاری کے مواقع کو آگے بڑھانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔سعودی سفیر نے ریاض میں حال ہی میں منعقد ہونے والے فیوچر منرلز فورم میں پاکستان کی فعال شرکت کو سراہا اور معدنیات کے شعبے میں تعاون کو آگے بڑھانے کیلئے دونوں ممالک کے درمیان مسلسل روابط کی اہمیت پر زور دیا۔ علی پرویز ملک نے فیوچر منرلز فورم کے کامیاب انعقاد پر سعودی عرب کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا یہ پلیٹ فارم علاقائی تعاون کیلئے اہم مواقع فراہم کرتا ہے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے پاس معدنیات اور توانائی کے دونوں شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی وسیع صلاحیت موجود ہے ۔ ملاقات میں دونوں فریقین نے آئندہ عرصے میں اقتصادی اور سٹراٹیجک تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں