امریکا،ایران مذاکرات کی تیاریاں،بحری جھڑپ:امریکی فوج نے بحیرہ عرب میں طیارہ بردار جہاز ابراہم لنکن کے قریب ایرانی ڈرون کو مار گرایا آبنائے ہر مز میں تجارتی جہاز روکا گیا،تیل مہنگا

امریکا،ایران مذاکرات کی تیاریاں،بحری جھڑپ:امریکی فوج نے بحیرہ عرب میں طیارہ بردار جہاز ابراہم لنکن کے قریب ایرانی ڈرون کو مار گرایا آبنائے ہر مز میں تجارتی جہاز روکا گیا،تیل مہنگا

مذاکرات جمعہ کو ترکیہ میں ہونگے ، پاکستان ،سعودی عرب، قطر، عمان، مصر اور متحدہ عرب امارات کو بھی شرکت کی دعوت ،ایران کا اعتراض ، بات چیت عمان منتقل کرنیکا مطالبہ مذاکرات کی ترجیح تنازع روکنا ، کشیدگی میں کمی لانے کی کوشش کی جائیگی:ترجمان دفتر خارجہ ،مذاکرات دوطرفہ ہونے چاہئیں:ایران،معاہدہ طے نہ پایا تو برے نتائج سامنے آ سکتے :ٹرمپ

اسلام آباد ،انقرہ(وقائع نگار،دنیا نیوز،نیوز ایجنسیاں)ایران اور امریکا کے درمیان جمعہ کو ترکیہ میں ہونے والے مذاکرات میں پاکستان کو بھی ثالثی کی دعوت دیدی گئی، سعودی عرب، قطر، عمان، مصر اور متحدہ عرب امارات کے نمائندے بھی شریک ہونگے ۔ دوسری جانب دونوں ملکوں میں سمندری جھڑپ کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں ۔ ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے مذاکرات میں پاکستان کو دعوت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا پاکستان کو آئندہ مذاکرات کا دعوت نامہ موصول ہو گیا ہے ، مذاکرات کے ذریعے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی لانے کی کوشش کی جائے گی۔

پاکستان کی شرکت کو کشیدگی کو کم کرنے کیلئے انتہائی اہم سمجھا جارہا ہے ۔ذرائع کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی مذاکرات میں شرکت متوقع ہے ۔ ایک عرب اہلکار نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ یہ مذاکرات ممکنہ طور پر جمعہ کو ترکیہ میں ہونگے ۔ ایک اور عہدیدار نے رائٹرز کو بتایا کہ مذاکرات کی ترجیح کسی بھی تنازعے کو روکنا اور دونوں فریقوں کے درمیان تناؤ کو کم کرنا ہے ۔ جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ چونکہ امریکا کے بڑے جنگی جہاز ایران کی جانب روانہ ہو رہے ہیں، اس لیے اگر کوئی معاہدہ طے نہ پایا تو ممکنہ طور پر ‘‘برے نتائج’’ سامنے آ سکتے ہیں۔

مذاکرات کی خبروں کے بعد اچانک صو ر تحال نے ڈرامائی موڑ لیا اور امریکی فوج نے بحیرۂ عرب میں طیارہ بردار بحری جہاز ابراہم لنکن کے قریب ‘‘جارحانہ انداز’’ میں آنے والے ایک ایرانی ڈرون کو مار گرانے کا دعویٰ کر دیا ۔ ڈرون مار گرائے جانے کی خبر کے بعد تیل کے مستقبل کے سودوں (آئل فیوچرز) کی قیمتوں میں فی بیرل ایک ڈالر سے زائد اضافہ ہوگیا۔امریکی فوج کے مطابق ایرانی شاہد-139 ڈرون ‘‘غیر واضح ارادوں’’ کے ساتھ طیارہ بردار بحری جہاز کی جانب پرواز کر رہا تھا، جسے امریکی فضائیہ کے ایف-35 لڑاکا طیارے نے مار گرایا۔ ایران کے اقوام متحدہ میں مشن نے اس واقعے پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔ اس واقعے میں کسی بھی امریکی اہلکار کو نقصان نہیں پہنچا، نہ ہی امریکی سازوسامان کو کوئی نقصان ہوا ۔

امریکی فوج کے مطابق ایک دوسرے واقعے میں منگل کے روز آبنائے ہرمز میں ڈرون مار گرائے جانے کے چند گھنٹوں بعد ایران کی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کی فورسز نے امریکی پرچم بردار اور امریکی عملے کے تحت چلنے والے ایک تجارتی جہاز کو ہراساں کیا ۔ سمندری خطرات کے انتظام سے وابستہ گروپ وانگارڈ نے بتایا کہ ایرانی کشتیوں نے ٹینکر کو انجن بند کرنے اور تلاشی کے لیے تیار ہونے کا حکم دیا تھا، تاہم ٹینکر نے رفتار بڑھا دی اور اپنا سفر جاری رکھا۔ امریکی بحریہ کا جنگی جہاز میک فال اس علاقے میں موجود تھا اور اس نے اسٹینا امپیریٹو کوحفاظتی حصار فراہم کیا۔ مزید براں ایران نے مطالبہ کیا ہے کہ جمعے کو امریکا کے ساتھ طے شدہ مذاکرات استنبول کے بجائے عمان منتقل کیے جائیں اور انہیں دو طرفہ (بائی لیٹرل)فارمیٹ میں منعقد کیا جائے ، دیگر ممالک شامل نہیں ہونے چاہئیں، یہ بات معاملے سے باخبر دو ذرائع کے حوالے سے سامنے آئی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں