2050 تک پاکستان کو 9 کروڑ نوکریوں کی ضرورت ،صدرعالمی بینک
سیلاب متاثرین کے مکانات کا بھی مشاہدہ ،کمیونٹی سینٹر میں خواتین سے گفتگو
لاڑکانہ، کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک،سٹاف رپورٹر)عالمی بینک گروپ کے صدر اجے بانگا 10 رکنی اعلیٰ سطح کے وفد کے ساتھ لاڑکانہ پہنچے ۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے موہن جو دڑو ایئرپورٹ پر انہیں خوش آمدید کہا۔ورلڈ بینک کے صدر وزیراعلیٰ کے ساتھ ڈوکری کے گاؤں بھاول جت پہنچے جہاں انہوں نے سیلاب سے متاثرہ مکانات کی بحالی کے عمل کا مشاہدہ کیا۔انہوں نے تاریخی مقام موہن جو دڑو کا دورہ بھی کیاجہاں اجے بانگا کو سر جان مارشل کی کار دکھائی گئی۔صدر ورلڈ بینک نے موہن جو دڑو کو انسانی ذہانت کی ابتدائی شاندار مثال قرار دیااور تاریخی ورثے کے تحفظ کی کوششوں کی تعریف کی۔
ان کاکہناتھا کہ سندھ آکر بڑی خوشی ہوئی،سندھ حکومت اورحکومت پاکستان کا بہت مشکور ہوں۔انہوں نے کہا کہ 2050 تک پاکستان کو 9 کروڑ نئی نوکریوں کی ضرورت ہوگی، ورلڈ بینک کی حکمتِ عملی روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر مرکوز ہے ،بچوں کو معیاری تعلیم اور جدید اسکلز دینا ضروری ہے ،صحت مند بچہ ہی کل کا پروڈکٹیو شہری بنتا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی اور اے آئی زراعت میں انقلاب لا سکتی،پاکستان ڈیری اور زرعی مصنوعات میں عالمی مواقع رکھتا ہے ۔گوٹھ بھاول جت کی خواتین سے کمیونٹی سینٹر میں گفتگوکرتے ہوئے اجے بانگاکاکہنا تھا کہ بٹوارے سے پہلے میرے پتا جی اور ماتا جی دونوں پاکستان میں پیدا ہوئے تھے ۔