وفاقی ملازمین کو ٹائم سکیل کے مطابق تنخواہ، الاؤنسز ادائیگی کا حکم
پالیسی کا 1تا 15سکیل پر اطلاق ، سرکاری بنیادی پے سکیل تنخواہ والے ملازمین اہل
اسلام آباد (ایس ایم زمان) وفاقی وزارت خزانہ نے وفاقی ملازمین کیلئے ٹائم سکیل مراعات کیلئے خصوصی رعایت کے احکامات جاری کیے ہیں۔ جاری آفس میمورنڈم کے مطابق خصوصی رعایتی پالیسی 2023 کے تحت ٹائم سکیل ملنے کی صورت میں ملازمین کو ٹائم سکیل کے مطابق تنخواہ اور الاؤنسز ادا کیے جائیں گے ۔ مذکورہ رعایتی پالیسی کا اطلاق وفاق کے ماتحت 1 تا 15 سکیل کے ملازمین پر ہو گا جو سرکاری بنیادی پے سکیل کے مطابق تنخواہ وصول کرتے ہیں، وزارت خزانہ کے مطابق بی پی ایس 1 سے 15 تک کے وہ سول سرونٹس جنہیں خصوصی رعایتی پالیسی 2023 کے تحت ہائر ٹائم سکیل دیا گیا ہے ، وہ اپنی موجودہ (Substantive)تنخواہ کے بجائے ہائر ٹائم سکیل کے مطابق تنخواہ اور الاؤنسز کے حق دار ہوں گے ۔ یہ فیصلہ یکم جولائی 2025 سے نافذ العمل ہوگا۔