غزہ :زخمی افسر کا انتقام ،اسرائیلی بمباری ، 24فلسطینی شہید

غزہ :زخمی افسر کا انتقام ،اسرائیلی بمباری ، 24فلسطینی شہید

46 زخمی ،شہدا میں 3 بچے بھی شامل،مغربی کنارے میں نوجوان شہید غزہ سمگلنگ کیس میں اسرائیلی فوجی اہلکاروں سمیت 12افراد پر فرد جرم

غزہ سٹی (اے ایف پی)غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں میں 24 فلسطینی شہید اور46زخمی ہو گئے ، شہدا میں تین بچے بھی شامل ہیں۔ اسرائیل نے حملہ ایک افسر کے زخمی ہونے کے بعد انتقامی کارروائی میں کیا،اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی اس وقت کیگئی جب فائرنگ سے اس کے ایک افسر کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی ۔حملوں میں کئی خاندان شہید ہوئے ،عینی شاہدین کے مطابق رات کے وقت اچانک گولہ باری اور فائرنگ شروع ہوئی۔ الشفا ہسپتال میں لاشیں لائی گئیں جہاں نمازجنازہ ادا کی گئی ۔فلسطینی حکام کے مطابق اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جریکو میں24سالہ فلسطینی نوجوان سعید نائل سعید الشیخ کو شہید اور تین کو زخمی کر دیا۔اسرائیلی استغاثہ نے غزہ میں ممنوعہ اشیا سمگل کرنے کے الزام میں 12 اسرائیلی ملزمان کے خلاف فردِ جرم عائد کر دی ہے ، جن میں ریزرو فوجی اہلکار بھی شامل ہیں۔ سمگل کی گئی اشیا کی مالیت لاکھوں شیکل تھی، جن میں سگریٹ، آئی فونز، بیٹریاں، کمیونیکیشن کیبلز اور گاڑیوں کے پرزے شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ منظم اور منافع بخش سمگلنگ کارروائی 2025 میں جنگ کے دوران شروع ہوئی۔ پولیس اور خفیہ ادارے شن بیٹ کے مطابق ملزمان نے دانستہ طور پر ایسی سرگرمیوں میں حصہ لیا جس سے حماس سمیت دہشت گرد تنظیموں کو فائدہ پہنچا۔ اسرائیلی میڈیا نے شن بیٹ کے سربراہ کے بھائی کا نام بھی کیس سے جوڑا ہے ۔اقوام متحدہ کے ماہرین نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ دہشت گردی کے مقدمات میں لازمی سزائے موت سے متعلق مجوزہ قانون واپس لے ، یہ حقِ زندگی کی خلاف ورزی اور فلسطینیوں کے ساتھ امتیازی سلوک ہوگا۔لندن کی عدالت نے فلسطین ایکشن کے چھ سرگرم کارکنوں چارلوٹ ہیڈ، سیموئل کارنر، لیونا کامیو، فاطمہ راجوانی، زو راجرز اور جارڈن ڈیولن کو ایل بِٹ سسٹمز کی جائیداد میں توڑ پھوڑ کے الزام سے بری کر دیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں