کالعدم بی ایل اے سنگین دہشتگرد حملوں کی ذمہ دار : پاکستان
سلامتی کونسل پابندیوں کی فہرست میں شامل کرنے کی درخواست منظور کرے
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان نے کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے )کو ملک کے اندر سنگین اور دہشت گرد حملوں کا ذمہ دار قراردیتے ہوئے سلامتی کونسل سے اسے پابندیوں کی فہرست میں شامل کرنے کی زیرِ غور درخواست منظور کر نے کا مطالبہ کردیا۔ پاکستانی مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں دہشت گردی سے عالمی امن و سلامتی کو لاحق خطرات پر اپنے خطاب میں کہا کہ کابل میں طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد بیرونی سرپرستی اور غیر ملکی مالی معاونت سے چلنے والے پراکسی دہشت گرد گروہوں فتنہ الخوارج ٹی ٹی پی اور فتنہ الہندوستان بلوچ لبریشن آرمی اور اس کی مجید بریگیڈکو نئی زندگی مل گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان سرزمین سے تقریباً مکمل استثنیٰ کے ساتھ کارروائیاں کرتے ہوئے اور ہمارے مشرقی ہمسائے کی فعال حمایت کے تحت یہ گروہ پاکستان کے اندر سنگین اور سفاک دہشت گرد حملوں کاذمہ دار ہے ۔عاصم افتخار نے کہا کہ گزشتہ ہفتہ بی ایل اے نے بلوچستان میں کئی دہشت گرد حملوں کی ذمہ داری قبول کی، جن کے نتیجے میں 48 بے گناہ شہری شہید ہوئے ۔