امریکا،روس،چین و دیگر کی اسلام آباد دھماکے کی مذمت
مشکل وقت میں پاکستان کیساتھ کھڑے :جین میریٹ، نٹالی بیکر ودیگر افغانستان کا بھی اظہار افسوس،پاکستان کے الزامات بدقسمتی ہیں:بھارت
اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا،روس،چین سمیت کئی ممالک نے اسلام آباد کی مسجد میں خود کش حملے کی مذمت کرتے ہوئے اظہار افسوس کیا ہے ۔ روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کے نام تعزیتی خطوط لکھے اور کہا مذہبی تقریب کے دوران لوگوں کا قتل دہشت گردی کی بربریت اور غیر انسانی نوعیت کا ایک اور ثبوت ہے ، روس اپنے پاکستانی شراکت داروں کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف تعاون مزید مضبوط کرنے کے لیے تیار ہے ۔ آذربائیجان کی وزارت خارجہ نے کہا ہم عبادت گاہ جیسے مقدس مقام پر عبادت گزاروں کو نشانہ بنانے والے اس گھناؤنے تشدد اور دہشت گردی کے عمل کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا میری دعائیں اور ہمدردیاں مرنے والوں، زخمیوں اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں، اس قسم کا تشدد قابلِ نفرت ہے ، ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
پاکستان میں یورپی یونین کے مشن نے بھی کہا ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور مرنے والوں اور زخمیوں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر نے کہا پاکستانی عوام حفاظت اور وقار کے ساتھ ، خوف کے بغیر اپنے عقیدے پر عمل کرنے کے حقدار ہیں،مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔فرانس اور نیدرلینڈز کے سفارت خانوں نے بھی اسلام آباد میں ہونے والے دھماکے کی مذمت اور اس پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے بھی مذمت کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے دلی اور گہری تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
چین نے واقعہ کی مذمت کی اور کہا مشکل کی اس گھڑی میں ہم اپنے پاکستانی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں ۔افغانستان کی وزرات خارجہ نے اپنے بیان میں کہا افغانستان ایسے حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے جو مقدس مذہبی عبادات اور مساجد کی حرمت کو پامال کرتے ہیں اور عبادت گزاروں اور بے گناہ افراد کو نشانہ بناتے ہیں۔بھارت کی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں جہاں اظہار افسوس کیا وہیں پاکستان کی جانب سے عائد کیے جانے والے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور لاحاصل قرار دیا، بھارت نے کہا اس افسوسناک واقعے پر ہمدردی کے بجائے پاکستان کی جانب سے الزامات عائد کرنا بدقسمتی ہے ۔