گھنا ؤ نے جرم کا ارتکاب کرنے والوں کو کٹہرے میں لا یا جائیگا:شہباز شریف
دہشت گردی کے خاتمے کی کوششوں میں ہمارے دوستوں اور شراکت داروں کا تعاون ہمیشہ اہم رہا ہے خودکش حملے کے بعد دنیا بھر سے ہمدردی اور یکجہتی کے پیغامات موصول ہوئے ، ہم اُن کے شکر گزار ہیں
اسلام آباد (دنیا نیوز)وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اسلام آباد میں خودکش حملہ کے بعد دنیا بھر سے ہمدردی اور یکجہتی کے اظہار کے لیے موصول ہونے والے پیغامات پر دوست ممالک اور عالمی رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا ہے ۔وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ایکس پر ایک بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ اس گھناؤنے جرم کا ارتکاب کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور ان کے مذموم عزائم کو بھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ خیال رہے کہ اسلام آباد کی امام بارگاہ میں خودکش حملے میں 32 افراد شہید اور 162 افراد زخمی ہوئے ، میتیں ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں، زخمیوں کا پمز اور پولی کلینک میں علاج جاری ہے ۔ وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ اسلام آباد میں دل دہلا دینے والے خودکش حملے کے بعد دنیا بھر سے ہمیں ہمدردی اور یکجہتی کے جو پیغامات موصول ہوئے ہیں، ہم اُن کے لیے شکر گزار ہیں۔انہوں نے لکھا کہ پاکستان کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوششوں میں ہمارے دوستوں اور شراکت داروں کی حمایت اور تعاون ہمیشہ سے نہایت اہم رہا ہے ، اس نازک گھڑی میں بہادر پاکستانی قوم متحد رہے اور دہشت گردی کو شکست دینے کے اپنے عزم پر پہلے کی طرح مضبوطی سے قائم رہے ۔