پاکستان ،کینیڈا کا تجارت سمیت اہم شعبوں میں تعاون پر اتفاق
اقتصادی تعاون کے فروغ، کاروباری برادری کی معاونت سہولت کاری پر زور سیاسی مشاورت کا چھٹادور، دوطرفہ تعلقات میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار
اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں )پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا چھٹا دور اسلام آباد میں ہوا، جس میں دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات میں مسلسل پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت سفیر نبیل منیر، خصوصی سیکرٹری (اقوامِ متحدہ) نے کی جبکہ کینیڈین وفد کی نمائندگی اسسٹنٹ ڈپٹی منسٹر (انڈو پیسفک) سفیر ویلڈن ایپ نے کی ۔اجلاس کے دوران وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کینیڈین وزیر خارجہ کے حالیہ روابط کو سراہا اور کہا کہ اعلی سطح روابط نے دوطرفہ شراکت داری کو سٹر ٹیجک سمت اور نئی رفتار دی ہے ، دونوں ممالک نے تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔مشاورت میں موجودہ معاہدوں کے موثر نفاذ اور نئے تعاون کے شعبوں میں شراکت داری پر اتفاق کیا گیا، اجلاس میں تجارت اور اقتصادی تعاون کے فروغ، کاروباری برادری کی معاونت اور تجارتی وفود کی سہولت کاری پر بھی زور دیا گیا۔ بیان کے مطابق دونوں فریقین نے ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے ، تجارت و سرمایہ کاری، زراعت اور ایگری ٹیک، کان کنی و معدنیات، توانائی اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، اس کے علاوہ مصنوعی ذہانت اور آئی سی ٹی میں تعاون، ہنرمند افرادی قوت، تعلیم و تحقیق اور سیاحت کے شعبوں میں شراکت داری پر بھی زور دیا گیا ۔