حکومتی اداروں کی تنظیم نو،سٹرٹیجک امپلیمنٹیشن یونٹ قیام کی منظوری

حکومتی اداروں کی تنظیم نو،سٹرٹیجک امپلیمنٹیشن یونٹ قیام کی منظوری

ڈھانچے کی تنظیم نو، استعداد کار میں اضافہ، نگرانی و فیصلہ سازی کیلئے آر ایف پی جاری ڈیلوئٹ، میک کنزی اینڈ کمپنی، ایکسنچر، بین اینڈ کمپنی اور بوسٹن کنسلٹنگ گروپ مدعو

اسلام آباد (ایس ایم زمان) حکومتی و سرکاری اداروں کی تنظیم نو، کارکردگی اور استعداد کار میں اضافہ اور فیصلہ سازی کیلئے خصوصی پروگرام کی وزیراعظم اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل نے منظوری دے دی۔ ڈھانچے کی تنظیم نو ،استعداد کار بڑھانے اور نگرانی و فیصلہ سازی کیلئے سٹرٹیجک امپلیمنٹیشن یونٹ قائم کیا جائے گا جس کے قیام اور اسے فعال بنانے کیلئے پانچ بین الاقوامی کنسلٹنگ فرموں کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور پیشکش کا مراسلہ بھجوایا گیا ہے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ریکویسٹ فار پروپوزلز جاری کر دی۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق منظور شدہ خصوصی پروگرام کا مقصد وزیراعظم دفتر کے تحت قائم سٹرٹیجک امپلیمنٹیشن یونٹ کی آپریشنل اور ادارہ جاتی صلاحیتیں مضبوط بنانا ہے ۔ منتخب شدہ کنسلٹنگ فرم وزیراعظم دفتر کو پالیسی سازی میں فیصلہ سازی کیلئے مؤثر سفارشات، مختلف شعبوں کی نگرانی اور ادارہ جاتی استعداد کار میں اضافہ کیلئے تکنیکی معاونت فراہم کرے گی۔ ڈیلوئٹ، میک کنزی اینڈ کمپنی، ایکسنچر، بین اینڈ کمپنی اور بوسٹن کنسلٹنگ گروپ کو مدعو کیا گیا ہے ۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق ٹینڈر نوٹس متعلقہ بین الاقوامی کنسلٹنگ فرموں کے علاقائی و عالمی دفاتر کو بھی ای میل سے آگاہ کر دیا گیا۔ آر ایف پی کی مکمل دستاویزات اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے ای میل کے ذریعے حاصل کر سکتی ہیں۔ ان کمپنیوں کو 16فروری 2026تک اپنی سفارشات جمع کرانے کی ہدایت دی گئی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں