دھی رانی پروگرام،نارووال میں101جوڑوں کی اجتماعی شادی
ہر جوڑے کو وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے 2لاکھ روپے فی کس سلامی ریاست حقیقی ماں کے تصورکی عملی تصویر پیش کررہی، احسن اقبال کا اظہار خیال
نارووال (این این آئی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ اجتماعی شادیوں کی تقریب ریاست کے ماں کے تصور کی عملی تصویر پیش کر رہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دھی رانی پروگرام کے تحت ضلع نارووال میں اجتماعی شادیوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر 101نو بیاہتا جوڑوں کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے 2لاکھ فی کس کے حساب سے سلامی پیش کی گئی۔احسن اقبال نے کہا کہ میں آج کے اس پر مسرت دن پر نئے شادی شدہ جوڑوں اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔آج کی تقریب ریاست کے ماں کے تصور کی عملی تصویر پیش کر رہی ہے ۔
دھی رانی پروگرام نے بیٹیوں کی عزت و احترام سے شادی کرنے کی راہ ہموار کی ہے ۔نبی کریمﷺنے فرمایا جس نے 2 بیٹیوں کی اچھی پرورش کی اس نے اپنے لئے جنت حاصل کر لی،بیٹیاں باعث رحمت ہوتی ہیں،ہمیں اپنی بیٹیوں کو تعلیم و تربیت میں اپنے بیٹوں کی طرح کے مواقع مہیا کرنے چاہئیں۔آج کی تقریب کا یہ حسن ہے کہ آج ہمارے درمیان ہمارے مسیحی بیٹے اور بیٹیاں بھی موجود ہیں۔آج بہت سارے لوگ ہمارے درمیان مذہب اور لسانیت کی بنیاد پر تفرقہ پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔پاکستان کی ترقی میں دیگر مسائل کی طرح آبادی میں بڑھوتری ایک بہت بڑا مسئلہ ہے ،اس لئے جسمانی اور ذہنی طور پر کند ذہن بچوں کی فوج کی بجائے صحت مند،قابل اور محنتی بچوں کی ضرورت ہے ۔اس لئے بچے اتنے ہی پیدا کریں کہ جن کی غذائی اور تعلیمی ضروریات کو آپ بقدر احسن پورا کرسکیں۔ صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دھی رانی پروگرام وزیراعلیٰ پنجاب کے دل کے انتہائی قریب ہے ۔ نادار والدین کے لئے دھی رانی پروگرام کسی نعمت سے کم نہیں۔