سیکرٹری مواصلات کی عدم حاضری، قائمہ کمیٹی اجلاس احتجاجاً ملتوی
حکام کی قومی منصوبوں، ترقیاتی سکیموں پر بریفنگ کیلئے عدم حاضری ناقابلِ قبول:قائمہ کمیٹی
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی مواصلات کا اجلاس وفاقی سیکرٹری مواصلات اور چیئرمین این ایچ اے کی عدم حاضری کے باعث احتجاجاً ملتوی کر دیا گیا، چیئرمین اعجاز حسین جکھرانی کی زیرصدارت اجلاس میں کمیٹی ارکان نے تقریباً آدھے گھنٹے تک وفاقیسیکرٹری مواصلات اور چیئرمین این ایچ اے کا انتظار کیا اور متفقہ طور پر اجلاس ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔ کمیٹی نے دونوں حکام کی عدم حاضری پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا اجلاس میں شرکت نہ کرنے کی پیشگی اطلاع بھی نہیں دی گئی جو پارلیمانی روایات اور قواعد کی صریح خلاف ورزی ہے ۔ اجلاس آئندہ مالی سال کیلئے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام سکیموں کا جائزہ لینے کیلئے بلایا گیا تھا، اہم قومی منصوبوں اور ترقیاتی سکیموں پر بریفنگ کیلئے متعلقہ حکام کی عدم حاضری ناقابلِ قبول اور آئندہ ایسے رویے کو سنجیدگی سے نوٹس میں لایا جائے ۔