غریبوں پر بجلی گرادی گئی:ماہانہ100یونٹ استعمال کرنیوالے پروٹیکٹڈ صارفین پر200روپے فکسڈ چارجز عائد حکومتی درخواست پر نیپرانے فیصلہ جاری کر دیا

غریبوں پر  بجلی گرادی گئی:ماہانہ100یونٹ استعمال کرنیوالے پروٹیکٹڈ صارفین پر200روپے فکسڈ چارجز عائد حکومتی درخواست پر نیپرانے فیصلہ جاری کر دیا

ماہانہ 200 یونٹ تک پروٹیکٹڈ صارفین پر 300 روپے ،نان پروٹیکٹڈ صارفین پر100 یونٹ تک 275 روپے ، 200 یونٹ تک 300 روپے ، 300 یونٹ تک 350روپے چارجز عائد 300سے زائد یونٹس پر چارجز میں 75 سے 200روپے تک اضافہ، 600سے زائد یونٹس کے استعمال پر چارجز میں کمی، چند روزقبل صنعتی صارفین کیلئے بجلی 4روپے 4پیسے سستی کی گئی

اسلام آباد(نمائندہ دنیا،دنیا نیوز)غریبو ں پر بجلی گرادی گئی،حکومت کی درخواست پر نیپرا نے فیصلہ جاری کرتے ہوئے ماہانہ 100یونٹ استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین پر 200 روپے فکسڈ چارجز عائد کردئیے ، پہلی بار انڈسٹری کے لیے کراس سبسڈی صفر کر دی گئی اور بوجھ گھریلو صارفین پر منتقل کیا گیا۔فکسڈ چارجز دونوں پروٹیکٹڈ اورنان پروٹیکٹڈ صارفین پر عائد کئے گئے ہیں جبکہ پہلے سے عائد فکسڈ چارجز میں اضافہ اورکمی بھی کی گئی ہے ۔نیپرا کے فیصلے کے مطابق ماہانہ 300 یونٹ تک کے گھریلو صارفین پر فکسڈ چارجز عائد کئے گئے ہیں، ماہانہ 100 یونٹ استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین پر 200 روپے فکسڈ چارجز عائد کئے گئے ۔ماہانہ 200 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین پر 300 روپے ماہانہ فکسڈ چارجز عائد کر دئیے گئے ۔

100 یونٹ تک کے نان پروٹیکٹڈ صارفین پر 275 روپے ، ماہانہ 200 یونٹ تک  کے نان پروٹیکٹڈ صارفین پر 300 روپے فکسڈ چارجز عائد کئے گئے ہیں۔ماہانہ 300 یونٹ تک استعمال کے نان پروٹیکٹڈ صارفین پر 350 روپے فکسڈ چارجز عائد کئے گئے ہیں، ماہانہ 400 یونٹ تک کے نان پروٹیکٹڈ صارفین پر فسکڈ چارجز 200 روپے اضافے سے 400 روپے کر دئیے گئے ۔اسی طرح ماہانہ 500 یونٹ استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے 100 روپے اضافے سے فکسڈ چارجز 500 روپے اور ماہانہ 600 یونٹ استعمال پر فکسڈ چارجز 75 روپے اضافے سے 675 روپے کر دئیے گئے ۔نیپرا فیصلے کے مطابق ماہانہ 700 یونٹ تک استعمال پر فکسڈ چارجز 125 روپے کمی سے 675 روپے کر دئیے گئے ، ماہانہ 700 یونٹ سے زائد بجلی استعمال پر فکسڈ چارجز 325 روپے کمی سے 675 روپے کر دئیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ چند روز قبل انڈسٹری کیلئے بجلی سستی کر کے بنیادی ٹیرف میں رد و بدل کیا گیا ہے ۔ انڈسٹری کا بنیادی ٹیرف 33 روپے سے کم ہو کر 29 روپے 54 پیسے پر آ گیا جبکہ ڈالر میں انڈسٹری کا ٹیرف فی یونٹ ساڑھے گیارہ سینٹ پر پہنچ گیا، وفاقی حکومت نے ٹیرف میں رد و بدل کی درخواست کی تھی اور بتایا جا رہا ہے کہ صنعتی شعبے کی جانب سے آف گرڈ منتقل ہونے کا دباؤ تھا، اسی وجہ سے صنعتوں کیلئے بنیادی ٹیرف میں کمی کی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں