ٹیلنٹ کی کوئی صنف نہیں،خواتین کھلاڑی سپر پنجاب کی سپر بیٹیاں:مریم نواز
پہلے سپورٹس سٹی کی تعمیر کا آغاز ،تحصیل کی سطح پر پنک گیمز کااجرا،پلیئرز کیلئے 2کروڑ انعام کا اعلان بیٹیوں سے کہتی ہوں زمین آپ کی ،آسمان آپکا ،آگے بڑھو،جیت کر دکھاؤ،پنک گیمز 2026کا آغاز
لاہور(دنیانیوز)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے رواں سال پنجاب کے پہلے سپورٹس سٹی کی تعمیر کا آغاز کرنے ، تحصیل کی سطح پر پنک گیمز شروع کرنے اورپنک گیمز کی کھلاڑیوں کیلئے 2کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کردیا،ان کاکہناتھاکہ میرٹ اور ٹیلنٹ کی کوئی صنف نہیں ہوتی ،خواتین پلیئرز سپرپنجاب کی سپر بیٹیا ں ہیں،پنجاب سٹیڈیم نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں کھیلتا پنجاب پنک گیمز2026کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے خواتین کھلاڑیوں کی دیکھ بھال اور قیام و طعام کے خصوصی انتظامات کا حکم دیا۔ مریم نواز نے کہا کہ عورت ملک چلا سکتی ہے ،صوبہ چلا سکتی ہے ،وزارت چلاسکتی ہے ،جنگ لڑ سکتی ہے ،جہاز اڑا سکتی ہے ،وزیراعلیٰ بن سکتی ہے ،وزیراعلیٰ بن کر مردوں کو ٹف ٹائم دے سکتی ہیں،پولیس فورس چلاسکتی ہے ،معیشت چلا سکتی ہے ،عورت ایتھلیٹ ،سوئمنگ ،باکسنگ،کرکٹ اورفٹبال پلیئربھی بن سکتی ہے ۔
بیٹیوں سے کہتی ہوں زمین آپ کی ہے ،آسمان آپ کا ہے ،آگے بڑھو اورجیت کر دکھاؤ۔وزیراعلیٰ کاکہناتھاکہ خواتین ہرمیدان میں کامیابی کے جھنڈے گاڑرہی ہیں،مردوں کے شانہ بشانہ کام کررہی ہیں۔خواتین گھر کا کام بھی کرسکتی ہیں اورباہر جیت کر بھی آتی ہیں،ملکی ترقی میں خواتین کا اہم کردار ہے ۔انہوں نے کہا کہ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کو شاباش دیتی ہوں کہ بچوں موبائل سکرین سے ہٹا کرمیدان میں لائے ۔نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے ۔رواں سال سپورٹس سٹی کی تعمیر کا آغازہوجائے گا،پنگ گیمز کویونین کونسل سطح پر لائیں گے ۔ میرا کام سڑکیں بنانا،ٹرانسپورٹ،ہسپتال بنانانہیں،میں وہ بھی کررہی ہوں،پنجاب کے عوام کو خوشیوں کے مواقع فراہم کرنا میری ذمہ داری ہے ۔بیٹیوں سے کہتی ہوں آپ خواب دیکھیں آپ کے خواب کو پورا کرنا میرا کام ہے ، حالات مشکل بھی ہو ں تو گھبرانانہیں،آپ کی ماں آپ کو گرنے نہیں دے گی۔عورت کو صنف نازک سمجھنا چھوڑ دیں،عورت صنف آہن ہے ۔ہر میدان میں بچیوں نے میرا سر فخر سے بلند کیا،ہونہار سکالرشپ پروگرام میں 60فیصد سے زائد بچیاں ہیں۔