افغان سرحدبندش،پاکستانی موقف کی عالمی سطح پرپذیرائی
کابل کیساتھ تعلقات کی بحالی میں بڑی رکاوٹ سرحد پار حملے :عالمی جریدہ یوریشیا ریویو
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)پاک افغان سرحد کی بندش کے حوالے سے پاکستان کے موقف کو عالمی سطح پر حمایت حاصل ہونے لگی ہے ۔ ایک معروف بین الاقوامی جریدے نے سرحدی راستوں کی بندش کو سکیورٹی کے نقطہ نظر سے موثر اور جائز حکمت عملی قرار دیتے ہوئے اسے پاکستان کے قومی مفاد اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدام قرار دیا ہے ۔عالمی جریدہ یوریشیا ریویو میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے لیے افغانستان کے ساتھ سرحدی انتظام محض کسٹمز یا تجارتی نوعیت کا معاملہ نہیں بلکہ قومی بقا اور سلامتی کا مسئلہ ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حالیہ برسوں میں افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا، جن میں سکیورٹی اہلکاروں اور عام شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔جریدے کے مطابق پاکستان کی جانب سے افغان سرحدی راستوں کو بند کرنا اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے ایک مناسب اور بروقت فیصلہ ہے ۔ رپورٹ میں پاکستانی موقف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ کابل کے ساتھ تعلقات کی بحالی میں سب سے بڑی رکاوٹ دہشت گردی اور سرحد پار حملے ہیں۔