دو مالی سال میں سرمایہ کاروں کو 60ارب کی ٹیکس چھوٹ
درآمدات پر59ارب،موبائل فون مینوفیکچررزکو27کروڑرعایت توانائی منصوبوں کیلئے مخصوص اشیاء کی درآمدپر 1 ارب کی ٹیکس چھوٹ دی گئی
اسلام آباد (ایس ایم زمان)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)رپورٹ 2025 کے مطابق گزشتہ دو مالی سال میں موبائل فون مینوفیکچرنگ اور درآمدات و سرمایہ کاروں کو مالی سال 2022-23 اور 2023-24 کے دوران تقریباً 60 ارب ٹیکس چھوٹ دی گئی ، موبائل فون مینوفیکچررز کو کم از کم ٹیکس سے استثنیٰ کی مد میں مالی سال 2022-23 کے دوران تقریباً 27 کروڑ 28 لاکھ 80 ہزار روپے کی ٹیکس رعایت دی گئی،سرمایہ کاروں، افراد ،اداروں کو درآمدات پر ودہولڈنگ ٹیکس سے استثنیٰ دینے کی مد میں 59 ارب 79 کروڑ 88 لاکھ 50 ہزار روپے کی رعایت دی گئی۔قومی بچت سکیموں میں سرمایہ کاری کرنے والے افراد کو منافع پر ٹیکس سے استثنیٰ کی مد میں 5 کروڑ 22 لاکھ روپے کی ٹیکس چھوٹ دی گئی۔چین سٹیٹ کنسٹرکشن انجینئرنگ کارپوریشن اور چائنا کمیونیکیشن کنسٹرکشن کمپنی کو پلانٹ، مشینری اور تعمیراتی سامان کی درآمد پر 35 لاکھ 60 ہزار روپے کی رعایت دی گئی۔خصوصی اقتصادی زونز میں صنعتی اداروں کو فائر فائٹنگ آلات کی درآمد پر 1 کروڑ 4 لاکھ روپے کی ٹیکس چھوٹ دی گئی۔قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کے لیے مخصوص اشیاء کی درآمد و فراہمی پر 1 ارب 35 کروڑ 99 لاکھ 40 ہزار روپے کی ٹیکس رعایت دی گئی۔ (این ٹی سی)کو فراہم کردہ خدمات پر 7 کروڑ 36 لاکھ 30 ہزار روپے کی چھوٹ دی گئی۔بعض مخصوص اشیاء کی درآمد پر 8 کروڑ 61 لاکھ 40 ہزار روپے کی ٹیکس رعایت دی گئی۔