فیشن اینڈ ڈیزائن انسٹیٹیوٹ کی وی سی کو فوری ہٹانے کی سفارش

 فیشن اینڈ ڈیزائن انسٹیٹیوٹ کی  وی سی کو فوری ہٹانے کی سفارش

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر،آن لائن)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن کی وائس چانسلر کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کی سفارش کی ہے ۔

 سینیٹر بشریٰ انجم بٹ کی زیر صدارت اجلاس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی بریفنگ کے دوران پی ایف آئی ڈی میں ہونے والی حالیہ میٹنگ کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرپرسن نے اسے صدارتی منظوری کے بغیر اور قواعد کی خلاف ورزی قرار دیا۔انہوں نے پی ایف آئی ڈی کی وائس چانسلر کے خلاف پہلے سے جاری انکوائری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 25 سال سے زائد عرصے سے عہدے پر فائز رہنے والی وائس چانسلر جو خود قوانین سے بالاتر چل رہی ہیں، اب بھی عہدہ سنبھالے ہوئے ہیں اور مبینہ طور پر اسے خاندانی ورثے کی طرح سمجھ رہی ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ وائس چانسلر کی بہن کو وائس چانسلر بنانے کی کوشش بھی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے وائس چانسلر کو ریٹائرڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انکوائری مکمل ہونے تک کسی بھی عہدے پر تعیناتی نہیں کی جا سکتی۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدامات کسی فرد کے خلاف نہیں بلکہ سرکاری اداروں کو نجی کاروبار کی طرح چلانے کی روایت کے خلاف ہیں۔ کمیٹی کا یہ فیصلہ مستقبل میں تمام وائس چانسلرز کے لیے ایک مثال قائم کرے گا کہ اختیارات کا غلط استعمال اور قانون سے بالاتر عمل برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس میں جعلی ڈگریوں کے مسئلے پر سینیٹر بشریٰ انجم بٹ نے اعلان کیا کہ ایچ ای سی میں مستقل ہیلپ ڈیسک قائم کیا جائے گا جہاں ڈگریوں کی تصدیق اور جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام اداروں سے جعلی ڈگریوں کا درست ڈیٹا جمع کیا جائے گا اور اس میں کسی قسم کی رعایت برداشت نہیں کی جائے گی۔ سیکرٹری نے فوری طور پر ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں