حکومت پانڈا بانڈ جاری کرنے کی تیاری کررہی:اورنگزیب

حکومت پانڈا بانڈ جاری کرنے  کی تیاری کررہی:اورنگزیب

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے دورہ پر آئے امریکی نائب معاون وزیر خارجہ جان مارک نے گزشتہ روز یہاں ملاقات کی ہے، اس دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ معاشی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خزانہ نے جان مارک کو معاشی استحکام اور جاری اصلاحات بارے آگاہ کیا۔اس موقع پر گفتگو میں محمد اورنگزیب نے کہا کہ غیرملکی سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کی جائے گی ، پاکستان کا عالمی مالیاتی منڈیوں میں واپسی کا پلان ہے ،حکومت پانڈا بانڈ جاری کرنے کی تیاری کر رہی ہے ۔دریں اثناء وفاقی وزیر خزانہ نے وزیرِ اعظم کے فین ری پلیسمنٹ پروگرام کیلئے وزارتِ خزانہ کی جانب سے مکمل تعاون کا اعادہ کرتے ہوئے اسے توانائی کے تحفظ، مالیاتی ذمہ داری اور ماحولیاتی اہداف کے حصول کیلئے اہم اقدام قرار دیا ہے ۔ جاری اعلامیہ کے مطابق وزیرِ خزانہ نے بتایا کہ وزارتِ خزانہ نے بجٹ میں 2 ارب روپے مختص کئے ہیں جو 10 فیصد فرسٹ لاس رسک گارنٹی کے طور پر استعمال ہوں گے ، اس اقدام کا مقصد بینکاری اداروں کو اس پروگرام میں فعال شرکت کی ترغیب دینا ہے ، اس پائلٹ مرحلے میں 11 بینک شریک رہے ، اب تک تقریباً 186 توانائی بچانے والے پنکھے نصب کئے جا چکے ہیں ، تقریباً 13 لاکھ 50 ہزار روپے کی تقسیم 67 مستفیدین کو کی جا چکی ،ڈیجیٹل نظام، درخواست اور ادائیگی کا طریقہ کار مؤثر طور پر فعال ہو چکا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں